حکومت فنون لطیفہ کے فروغ کے لئے کوشاں ہے ؛ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری

56

لاہور،16جنوری(اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے  کہا ہے   کہ حکومت فنون لطیفہ کے فروغ کے لئے کوشاں ہے، پاکستان میں آرٹ کلچر اور ادب کا فروغ بہت خوش آئند ہے۔ان خیالات کا  اظہار انہوں نے  اتوار کو  یہاں  قومی کرکٹر عاقب جاوید کی اہلیہ فرزانہ عاقب کی انگریزی شاعری کی 11کتب کی تقریب رونمائی  سے خطاب میں  کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ فرزانہ عاقب کی شاعری بہت گہری اور معانی کا جہان اپنے دامن میں سمیٹے ہوئے ہے آج یہاں آکر مجھے خوشی بھی ہے اور میں فرزانہ عاقب کو اس کامیابی پر بے حد مبارک باد بھی دیتا ہوں۔  ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آرٹ کلچر اور ادب کا فروغ بہت خوش آئند ہے ،زندگی کے تمام رنگ فنون لطیفہ سے جڑے ہوئے ہیں، ہمارے ہاں یہ میڈیم معدوم ہوتے جارہے تھے، اب ہمیں ہماری اپنی کہانی سنانے کا اہتمام پھر سے کرنا ہے۔وفاقی  وزیر   نے کہا کہ وزارت اطلاعات میں ہم کوشاں ہیں کہ اپنے فنون لطیفہ کے فروغ کے نئے اسباب بنائیں تاکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی خوبصورت کہانی کو پیش کر سکیں ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم فنون لطیفہ کے حوالے سے نوجوانوں کو آگے لانا چاہتے ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر پاکستان کا نام روشن کر پائیں ۔

سورس:وی این ایس، لاہور