اوکاڑہ،13جنوری(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا ہے کہ مال مویشی دیہی معیشت میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، غریب خاندانوں کے لئے تو ان کی گائے بھینس گھر کے فرد کی حیثیت رکھتی ہے، حکومت لائیو سٹاک سیکٹر کو ترقی دینے اور مویشی پال حضرات کو سہولیات دینے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویٹرنری ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ڈائیگناسٹک لیبارٹری کا بھی معائنہ کیا ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر حق نواز نے موبائل یونٹ کے ذریعے دور دراز کے دیہاتوں میں جانوروں کے علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے اور ویٹرنری ہسپتال کے مختلف شعبہ جات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شام کے اوقات میں بھی ویٹرنری ہسپتال میں Petکلینک کا آغاز ہو چکا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ مویشی پال لوگوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی اور جانوروں کی بیماریوں کی تشخیص کے سلسلہ میں محکمہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہے، پنجاب حکومت لائیو سٹاک سیکٹر کو ترقی دینے اور مویشی پال حضرات کو سہولیات دینے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار لائیو سٹاک کے شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ڈیری سیکٹر کو ایک منافع بخش کاروبار بنانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے ہسپتال میں شام کے اوقات میں Petکلینک کے آغاز کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرکاری ہسپتال میں شام کے اوقات میں لوگوں کو پالتو جانوروں اور پرندوں کے علاج میں سہولت فراہم کرنا بہترین ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسران اپنے فیلڈ کے تجربہ اورپنجاب حکومت کی پالیسی کو مد نظر رکھتے ہوئے خدمات کی بہتر فراہمی کے لئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ مویشی پال حضرات کی شکایات کو دور کرنے اور کسانوں کے مال مویشیوں کے علاج و معالجہ کے ذریعے محکمہ لائیو سٹاک کے افسران و فیلڈ عملہ نیکیاں کمائیں۔
اس موقع پرایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر حق نواز ،ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد شکیل اختر ،سنیئر ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر ثاقب مجید سمیت ہسپتال اور ڈائیگناسٹک لیبارٹری کا عملہ بھی موجود تھا۔