ملتان،13جنوری(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے ضلعی محکموں کو الٹی میٹم دے دیا ہے اور کہا ہے کہ روڈز،بلڈنگ اور واسا سکیموں کو مقررہ ڈیڈ لائن میں مکمل کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی تعمیر نو کے محکموں کی اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ضلع کی متعدد سڑکوں کی اپ گریڈیشن کے منصوبوں کی منظوری بھی دی گئی۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملتان کو میگا پراجیکٹس دیے جن پر تیزی سے عملدرآمد کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ روڈز اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوام کے پیسے کو انکی فلاح و بہبود پر بھی خرچ کیا جائے گا۔
عامر کریم خاں نے کہا کہ سیوریج کی سکیمیں مکمل ہونے کے بعد روڈ سٹرکچر مکمل بحال کیا جائے تاکہ عوام کو تکلیف سے بچایا جاسکے۔انہوں نے ہدایت کی کہ نئی سکیموں کے حوالے سے اراکین اسمبلی کی تجاویز کو بھی مدنظر رکھا جائے، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں موثر اصلاحات کی جارہی ہیں۔