اسلام آباد،12جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر صنعت و پیداوار خسرو بختیار نے کہا ہے کہ سندھ اور جنوبی پنجاب کو یوریا کھاد کی فراہمی زیادہ کی جائے، یوریا کے ساتھ گنے کی فراہمی کو مزید بڑھایا جائے، یوریا کھاد کے ذخیرہ اندوزوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو فرٹیلائرز ریوو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ فخر امام بھی موجود تھے۔ اجلاس میں کسان اتحاد ایسویشن کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں کھاد کی پیداوار و ترسیل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں کسانوں کی نمائندہ تنظیم کو کھاد فراہمی پر اعتماد میں لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں یومیہ یوریا کی 4 لاکھ بوری کی فراہمی جاری ہے، بارانی علاقوں کو یوریا فراہمی بدستور جاری ہے، کھاد کے حوالہ سے بارانی علاقوں میں صورتحال معمول پر ہے۔ اجلاس میں یومیہ کھاد کی پیداوار اور ترسیل پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر صنعت و پیداوار خسرو بختیار نے کہا کہ سندھ اور جنوبی پنجاب کو یوریا کھاد کی فراہمی زیادہ کی جائے، یوریا کے ساتھ گنے کی فراہمی کو مزید بڑھایا جائے، یوریا کھاد کے ذخیرہ اندوزوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان اتحاد ایسویشن سے رابطے میں ہیں ، جہاں یوریا کی کمی ہو گی اسے پورا کیا جائے گا ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت صنعت و پیداوار صوبائی حکومتوں اور کھاد کی صنعت کے ساتھ مل کر صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کسانوں کی تنظیم پر زور دیا کہ وہ کسانوں کو یوریا کی دستیابی کے بارے میں اصل حقائق سے آگاہ کریں تاکہ کسان یوریا کی خریداری میں گھبراہٹ کا شکار نہ ہوں۔











