سندھ میں سیاسی جماعت کی نہیں ، مافیا کی حکومت ہے ،کراچی کو ٹھیک کرنے کے لئے قابض پیپلزپارٹی کو فارغ کرنا پڑے گا ؛وفاقی وزرا اسدعمر اور سید علی حیدرزیدی

9

کراچی،30جنوری  (اے پی پی):گھوٹکی سے کراچی تک مارچ کریں گے ، سندھ کے ہر گھر تک ہم نے پہنچنا ہے ان کو اپنے اختیار اور آئینی  حق کے لئے کھڑا ہونے کے لئے دعوت دینے جارہے ہیں ،2023 میں پی ٹی آئی سندھ میں حکومت بناکردکھائے گی ، اگر کراچی میں حالات ٹھیک نہ ہوں  توملکی معاشی حالات ٹھیک نہیں ہوسکتے ،کراچی کو ٹھیک کرنے کے لئے کراچی پر قابض پیپلزپارٹی کو فارغ کرنا پڑے گا ۔

 ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے مرکرزی سیکرٹری جنرل و وفاقی وزیر اسد عمر اور پی ٹی آئی سندھ کے صدر و فاقی وزیر سید علی حیدرزیدی نے پی ٹی آئی سندھ کی ایڈوائزری کمیٹی کے  اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پی ٹی آئی کے مرکرزی سیکرٹری جنرل و وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ انشاء اللہ 2023 میں صوبہ سندھ میں تحریک انصاف کی حکومت ہوگی ، اور اس کے لئے بڑے مربطوط طریقے سے کام شروع ہوچکا ہے ، سندھ میں پچھلے 13 سال سے عوام کے ساتھ جو ظلم ہورہا ہے ، اس ظلم کو دیکھ کر ہر پاکستانی کو تکلیف ہوتی ہے ۔

اسد عمر نے کہا کہ پہلی دفعہ پاکستان کی تاریخ میں ریاست صحت کی سہولیات فراہم کرنے کی ذمہ داری لے رہی ہے اور پورے ملک میں صحت کارڈ دیئے جا رہے ہیں لیکن سندھ کی حکومت اس کے لئے تیا رنہیں ہے اور عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے لئے سندھ حکومت کے ترجمان کہتے ہیں کہ بیرونی ممالک سے لوگ علاج کے لئے سندھ آتے ہیں ۔انہوں  نے کہا کہ سندھ کے عوام جس تکلیف سے گزر رہے ہیں، پورے پاکستان میں اتنے برے حالات آپ کو کہیں پر نظر نہیں آئیں گے ۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ سندھ میں پرچی کا نظام چل رہا ہے ، یہاں نوکری بھی پرچی پر ملتی ، ٹرانسفر اور پوسٹنگ بھی پرچی پرہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی نظر میں تمام پاکستانی برابر ہیں  اور جس طریقے سے باقی ملک میں عوام کے حالات کو بہتر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ، اسی طرح ہم سب اس بات پر متفق ہیں کہ سندھ کے عوام کو پیپلزپارٹی سے چھٹکارا دلانا ہے اور سندھ کے عوام کو بھی وہ سہولیات دینی ہیں جو باقی پاکستانیوں کو میسر ہیں ۔

اسد عمر نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی قانون آئین سے متصادم ہے ، اس کے خلاف پورے صوبے میں تحریک چلانے جارہے ہے اور سندھ کے ہر گھر تک ہم نے پہنچنا ہے ان کو اپنے اختیار کے لئے اور  آئینی حق کے لئے کھڑا ہونے کے لئے دعوت دینے جارہے ہیں ۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر و فاقی وزیر علی زید ی نے کہا کہ سندھ میں سیاسی جماعت کی نہیں بلکہ مافیا کی حکومت ہے ، پچھلے ہفتہ لاڑکانہ ، جیکب آباد ،کشمور ، سکھر کا دورہ کیا، وہاں کے حالات بہت برے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اپنے جانوروں کو بھی علاج کے لئے باہر لے کرجاتے ہیں لیکن یہاں انسانوں کے ساتھ جو سلوک کیا جارہا ہے وہ ناقابل بیان ہے ۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے مزید کہا کہ بلدیاتی قانون کے خلاف تمام اپوزشن جماعتیں متحد ہیں ، سندھ میں اپوزشن اراکین کو کمیٹیوں میں نمائندگی نہیں دی گئی ہے  لیکن بلاول زرداری مرکز میں انسانی حقوق کمیٹی کے چیئر مین ہے  حالانکہ پیپلزپارٹی خود سندھ میں انسانی حقوق کی سب سے زیادہ خلاف ورزیاں کرتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 2023 میں پاکستان تحریک انصاف سندھ میں حکومت بناکر دکھائے گی ۔ علی زیدی نے کہا کہ تحریک انصاف 26 فروری کو گھوٹکی سے کراچی مارچ کرے گی ، سندھ کے مختلف اضلاع سے ہوتے ہوئے کراچی پہنچیں گےاور کراچی میں بڑے جلسے پر اس کا اختتام ہوگا ۔

 انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مطالبات سے عوام کو آگاہ کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی صرف سندھ کا نہیں پورے پاکستان کا سب سے اہم شہر ہے ، اگر کراچی میں حالات ٹھیک نہ ہوں  توملکی معاشی حالات ٹھیک نہیں ہوسکتے ،کراچی کو ٹھیک کرنے کے لئے کراچی پر قابض پیپلزپارٹی کو فارغ کرنا پڑے گا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر میاں محمد سومرو، امیر بخش بھٹو،سندھ اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ،  غوث علی شاہ شریک، آفتاب صدیقی، خرم شیرزمان بھی ہمراہ موجود تھے ۔

سورس:وی این ایس، کراچی