سکھر،17جنوری(اے پی پی ): سکھر بیراج اور اس کی نہروں کی بھل صفائی کا کام تیزی سے جاری ، گیٹوں کی مرمت و رنگ و روغن و نہروں سے ریت نکالی جانے لگی،سکھر بیراج اور اس سے نکلنے والی سات نہروں روہڑی کینال، نارا کینال، خیرپور ایسٹ کینال، خیرپور ویسٹ کینال، دادو کینال، رائیس کینال اور کھیر تھر کینال کی بھل صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے ۔
پہلے مرحلے میں بیراج کے تمام گیٹس کھولر نہروں میں پانی کی سپلائی بندکی گئی تھی ،محکمہ آبپاشی کی جانب سے پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد دوسرے مرحلے میں دریائے سندھ اور نہروں سے ریت اور مٹی نکالی جارہی ہے اور سکھر بیراج کے گیٹس کی مرمت اور رنگ و روغن کا کام کیا جائے گا۔
بھل صفائی کے دوران دریائے سندھ میں پانی کی کمی کی وجہ سے سکھر شہر اور گردونواح میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے تاہم محکمہ آبپاشی زرائع کے مطابق محکمے کی جانب سے میونسپل سمیت تمام دیگر متعلقہ اداروں کو بھل صفائی اور اس سے دریائے سندھ میں پیدا ہونے والی پانی کی کمی اور پیشگی انتظامات کرنے کے بارے میں لیٹرز لکھ دیئے گئے تھے، بھل صفائی کا کام جلد مکمل کر لیا جائیگا۔