ملتان، 21 جنوری(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر عوام کو سستی اشیاء خوردونوش کی فراہمی کیلئے ضلع میں احساس راشن رعایت پروگرام کی رجسٹریشن مکمل کرلی گئی ہے، تمام تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنے ٹارگٹ کے مطابق دکانداروں کا آن لائن پورٹل پر اندراج بھی مکمل کرلیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے احساس راشن پروگرام پر بریفنگ بھی دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ شہریوں اور دکانداروں نے ریکارڈ تعداد میں رجسٹریشن کرائی ہے، اس پروگرام کے تحت نادار افراد کو سبسڈی ریٹ پر مخصوص اشیاء خوردونوش فراہم ہونگی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ احساس راشن پروگرام سے ماہانہ ایک ہزار تک سبسڈی دی جائے گی جبکہ مستحق گھرانہ خود کو احساس راشن رعایت ویب سائٹ پر رجسٹر کراسکتے ہیں۔احساس راشن کے تحت آٹا گھی چینی سستے ریٹس پر فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ نیشنل بنک تمام رجسڑڈ دکانداروں کی انسپکشن کررہا ہے جس کے بعد اشیاء خوردونوش کی فروخت پر 8 فی صد کمیشن دیا جائے گا۔رجسٹریشن عمل کے 4 ہفتوں میں 8171 سے اہلیت کا پیغام موصول ہوگا۔