لاہور؛وزیرِ اعظم عمران خان کا سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کا دورہ ، منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی

34

لاہور،28جنوری(اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان  نے جمعہ کو  دورہِ لاہور کے دوران  سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کا دورہ کیا جہاں وزیرِ اعظم کو منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ منصوبے کے پہلے فیز میں 24 ارب کی سرمایہ کاری ہوئی ہے، منصوبہ لاہور کے وسط میں بین الاقوامی معیار کے کاروباری مرکز و رہائش کی سہولیات فراہم کرے گا۔اسکے علاوہ ماحولیاتی تحفظ، گرین روف، اربن پارکس اور برساتی پانی کو ذخیرہ کرکے استعمال میں لانے جیسے اقدامات بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئندہ ماہ منصوبے کے تحت مزید 7 ترقیاتی سائٹس کی نیلامی سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کی تکمیل سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہونگے بلکہ ملک میں سرمایہ کاری بڑھے گی اور رینیو میں 1500 ارب روپے کا اضافہ ہوگا۔ منصوبے میں بابِ پاکستان منصوبے کی تکمیل اور والٹن ائیرپورٹ کی منتقلی بھی شامل ہے۔

 اس موقع پر وفاقی وزرا چوہدری فواد  حسین ، اسد عمر، شفقت محمود، معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل، مشیرِ کامرس عبدالزراق داؤد، وزیرِ مملکت  اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، سی ای او سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ عمران امین، چئیرمین این اے پی ایچ ڈی اے لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر، متعلقہ اعلی افسران اور فیز ون کے سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔