لاہور، 10جنوری (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے حلقۂ انتخاب یوسی 48 میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کی تقسیم شروع کر دی ہے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارکی ہدایت پر پنجاب کی عوام کو ان کی دہلیزپر نیاپاکستان قومی صحت کارڈ تقسیم کررہے ہیں، نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے پنجاب کے تمام خاندانوں کو صحت کی شاندارسہولیات فراہم کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی عوام کو یونیورسل ہیلتھ کوریج فراہم کرناوزیراعظم عمران خان کے خواب کی تعبیرہے۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو صحت کی بہترسہولیات فراہم کرنے پر وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارکوخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی عوام کو صحت کی بہترسہولیات فراہم کرناوزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارکی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کی عوام سے کئے تمام وعدے پورے کررہے ہیں،31مارچ تک لاہورسمیت پنجاب کے تمام خاندانوں میں نیاپاکستان قومی صحت کارڈ بانٹ دئیے جائیں گے،ایک خاندان کا سربراہ مرد کے علاہ ایک خاتون بھی ہوسکتی ہے۔
ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ اپنے بچوں کی کفالت کرنے والی بیوہ یامطلقہ خاتون کو بھی نیاپاکستان قومی صحت کارڈ دیاجائے گا اور پنجاب میں خواجہ سراؤں کوبھی نیاپاکستان قومی صحت کارڈز تقسیم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اچھی خبریہ ہے کہ تھیلیسمیاء بیماری کا شکارمریض بھی نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے اپنا علاج بالکل مفت کرواسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت اور رہنمائی کی خاطر محکمہ صحت کی جانب سے نیاپاکستان قومی صحت کارڈ موبائل ایپلی کیشن بھی کامیابی سمیٹ رہی ہے، نیاپاکستان قومی صحت کارڈ موبائل ایپلی کیشن پراب تک پنجاب کے دس لاکھ سے زائد افرادکااندارج ہوچکاہے، پنجاب میں یتیم اور مسکین بچوں کا ڈیٹااکھٹاکیاجارہاہے، عوام کو ریاست مدینہ کے نظریہ کے تحت نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے صحت کی بہترسہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کیلئے سڑکیں اور پل بنانے سے زیادہ عوام کی صحت زیادہ عزیزہے، کورونا وائرس نے پوری دنیامیں تباہی مچارکھی ہے، کوروناوائرس کی وجہ سے پوری دنیامیں مہنگائی اور بے روزگاری میں خطرناک حدتک اضافہ ہواہے، اللہ تعالی کی مہربانی سے کوروناوائرس نے باقی دنیاکی نسبت پاکستان کو کم متاثرکیاہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی عوام سے کوروناسے بچاؤ کیلئے ایس اوپیزپرسختی سے عملدرآمدکی اپیل کرتے ہیں، ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلوں کوبرقراررکھ کرکوروناسے بچاجاسکتاہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کوروناوائرس کی بوسٹرڈوزلازمی لگوائیں کورونا کی ایس اوپیزپر مکمل عملدرآمد کرکے سمارٹ لاک ڈاؤنزیا لاک ڈاؤنزسے بچاجاسکتاہے، پنجا ب میں یتیم اور مسکین بچوں کو نیاپاکستان قومی صحت کارڈ تقسیم کرنے کیلئے معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں ،حکومت پاکستان اگلے تین سالوں کیلئے نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کا بجٹ دے چکی ہے۔
اس موقع پر چیئرمین چوہدری عبدالغفورپپو، حاجی عبدالوہاب، ذوالفقارعلی، میاں ظہیراحمداور اہل علاقہ کی کثیرتعدادموجودتھی، اہل علاقہ نے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد کاپھولوں کی پتیوں سے شاندار استقبال کیا اور اہل علاقہ نے وزیراعظم عمران خان زندہ آباد،وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار زندہ آباداور وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد زندہ آباد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔