مری ریسکیو آپریشن مکمل ، تمام اہم شاہراہوں کو کلیئر کر دیا گیا

32

راولپنڈی،10جنوری  (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب رائو سردار علی کی ہدایات پر راولپنڈی ٹریفک پولیس اور ضلع پولیس نے سانحہ مری ریسکیوآپریشن کے دوران گزشتہ 72گھنٹوں کے دوران دن رات کی انتھک محنت سے سیاحوں کو ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر پہنچانے کے ساتھ ساتھ ریسکیو آپریشن کے دوران گزشتہ روز برف میں پھنسے تمام سیاحوں کو ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر پہنچا دیا  ہے  جبکہ برف میں پھنسی سیاحوں کی گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے بعد ان کے حوالے کرنے کا عمل جاری ہے ۔

سی پی او راولپنڈی ساجد کیانی اور سی ٹی او راولپنڈی تیمور خان تمام آپریشن کی خود نگرانی کرتے رہے ۔مری کی اہم شاہراہوں جن میں ہائی وے، سنی بینک،آر ایم کے روڈ، کلڈنہ روڈ، باڑیاں روڈ، جھیکا گلی، لوئر ٹوپہ اور بھوربن روڈ کے علاوہ دیگر اہم شاہراہوں سے برف ہٹا کر کلیئر کر دیا گیا ہے ۔ریسکیو آپریشن اور روڈ کلیئر کروانے کے دوران ٹریفک پولیس اور ضلع پولیس کے ایک ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں نے حصہ لیا ،چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان شدید سردی ،منفی درجہ حرارت اور سخت مشکل حالات میں بھی گزشتہ4روز سے دن رات افسران و جوانوں کے ساتھ ملکر ان کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ ساتھ سیاحوں کی مدد اور روڈ کلیئر کروانے میں مصروف رہے ۔

ضلعی انتظامیہ کی طرف سے آج بھی مری کے تمام داخلی راستوں کو سیاحوں کے لیے بند رکھا جائے گا ۔سیاحوں کی آمد کو روکنے کے لیے تمام داخلی راستوں پر ٹریفک و ضلعی پولیس کی طرف سے خصوصی پکٹس قائم کی گئی ہیں جہاں چیکنگ اور شناختی کارڈ دیکھنے کے بعد صرف مری کے رہائشی اور ایمرجنسی گاڑیوں آنے کی اجازت ہو گی۔