ملتان، 17جنوری (اے پی پی ): ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے شہر اولیاء میں مثالی صفائی کے لئے نئی حکمت عملی تیار کر لی ہے جس کے مطابق ہر یونین کونسل میں معمول کی صفائی کا کام دن گیارہ بجے تک نمٹا دیا جائے گا اور اس کے بعد ہر سیکٹر کی ایک یونین کونسل میں نظر انداز کئے گئے علاقے میں صفائی کی جائے گی۔متعلقہ سیکٹر کے تمام ورکرز روزانہ ایک یونین کونسل میں زیرو ویسٹ کو یقینی بنائیں گے دوسری طرف 100 ورکرز پر مشتمل سپیشل صفائی سکواڈ بھی تشکیل دے دیا گیا ہے جو کہ عوامی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے خصوصی صفائی سرانجام دے گا۔
گزشتہ دو روز سے سپیشل صفائی اسکواڈ باوا صفرا روڈ کے اطراف میں واقع گلی کوچوں کی صفائی میں مصروف ہے۔سی ای او محمد فاروق ڈوگر ، صفائی کا معائنہ کرنے کے لئے اچانک باوا صفرا پہنچے گئے۔عوامی شکایت پر محمد فاروق ڈوگر نے شہریوں کے ہمراہ گلی محلوں میں صفائی کا معائنہ کیا اور صفائی کی ناقص صورتحال پر سیکٹر انچارج اور نگران کو وارننگ جاری کر دی۔ انہوں نے انتباہ کیا کہ اگر صفائی بارے آئندہ شکایت موصول ہوئی تو سیکٹر انچارج اور نگران کو محکمانہ کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے کہا کہ وہ زبانی کلامی دعوں کے بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محدود افرادی قوت کے پیش نظر شہر کو صاف ستھرا رکھنے کی نئی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔
سی ای او نے شہریوں اور تاجر برادری سے صفائی برقرار رکھنے کے لئے کمپنی سے تعاون کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ کوڑا اور کچرا شام یا صبح کے اوقات میں دکانوں اور گھروں کے باہر رکھ دیا جائے جسے کمپنی ورکرز ٹھکانے لگانے کے ذمہ دار ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ صفائی کے اوقات کے بعد کوڑا اور کچرا گلیوں اور سڑکوں پر پھینکنے سے اجتناب کیا جائے تاکہ سارا دن صفائی برقرار رکھی جاسکے۔