ملتان ؛ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی شہر میں مثالی صفائی اور ٹرانسفر اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کی پلاننگ کا آغاز

37

ملتان،10جنوری(اے پی پی ): ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے شہر میں مثالی صفائی برقرار رکھنے کے لئے شاہین مارکیٹ اور دہلی گیٹ میں قائم ٹرانسفر اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کی پلاننگ شروع کردی ہے۔اس سلسلے میں سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے  منیجر آپریشنز داود مکی  کے ہمراہ علی الصبح دونوں ٹرانسفر اسٹیشنز کا دورہ کیا۔

سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات کے پیش نظر شاہین مارکیٹ اور دہلی گیٹ ٹرانسفر اسٹیشن کی اپ گریڈیشن ضروری ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ دونوں اسٹیشنز کے اردگرد 10 فٹ  اونچی دیوار تعمیر کی جائے، ٹرانسفر اسٹیشنز میں روزانہ زیرو ویسٹ کو یقینی بنایا جائے، اس مقصد کے لئے ڈمپرز ٹرکوں میں اضافہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ورکشاپ میں زیر مرمت تمام گاڑیوں کو آن روڈ کیا جائے۔

اس موقع پر سی ای او  محمد فاروق ڈوگر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شہر کی 17 یونین کونسلوں سے روزانہ200 ٹن ویسٹ شاہین مارکیٹ اور دہلی گیٹ ٹرانسفر اسٹیشن لایا جاتا ہے اور اس ویسٹ کو ڈمپنگ سائیٹ منتقل کرنے کے لئے6 ڈمپر ٹرک اور2 لوڈر استعمال کئے جارہے ہیں۔