ملتان ؛ گٹروں کے ڈھکن اور انکے کڑے چوری کرنے والوں کیخلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کروانے کی ہدایات

24

ملتان، 21 جنوری(اے  پی پی ):عید گاہ سیوریج سب ڈویژن کے علاقے حسن آباد میں گٹروں کے ڈھکن اور ان کے کڑے چوری کرنے والے نامعلوم گروہ کا انکشاف، منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے چیف سیکرٹری پنجاب کے حکم پر گروہ کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کروانے کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔

 عیدگاہ سیوریج سب ڈویژن کی طرف سے ایم ڈی واسا شہزاد منیر کو رپورٹ پیش کی گئی تھی کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب حسن آباد گیٹ نمبر 2 گلی نمبر 8 اے (شاہد پراپرٹی والی گلی) میں نامعلوم افراد جو کہ ایک لوڈر رکشے پر سوار تھے انہوں نے گلی میں گٹروں کے ڈھکنوں اور لوہے کے کڑے اکھاڑنا شروع کر دیے، اہل علاقہ کی طرف سے شور مچانے پر نامعلوم افراد اپنا لوڈر رکشہ اور چوری کیے جانے والا سامان چھوڑ کر بھاگ گئے۔

 اہل علاقہ نے واقعہ کی اطلاع 15 پر دی اور پولیس نے موقع کا معائنہ کیا، عیدگاہ سیوریج سب ڈویژن کی ٹیم نے جمعہ کی صبح موقع پر پہنچ کر گٹروں پر ڈھکن رکھوا دیے اور لوڈر رکشہ بمع چوری شدہ سامان ہیڈ آفس شمس آباد پہنچا دیا جبکہ واسا نے وقوعہ کے حوالے سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی ہے۔

 اس تمام صورتحال پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا شہزاد منیر نے سخت نوٹس لیا اور ڈپٹی ڈائریکٹر سیوریج نارتھ ڈویژن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عید گاہ سب ڈویژن کو متعلقہ تھانے میں نامعلوم گروہ کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کروانے کی ہدایت کی۔

 واضح رہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب نے چند روز قبل فیصل آباد میں مین ہول کور نہ ہونے کی وجہ سے پیش آنے والے حادثے کے بعد صوبہ بھر میں گٹروں پر ڈھکنوں کی موجودگی کو یقینی بنانے کے لیے صوبہ بھر کی انتظامیہ کو سخت احکامات جاری کیے  تھے  اور مین ہول کورز چوری اور فروخت کرنے والے افراد کے خلاف اقدام قتل کے مقدمات درج کروانے کا حکم دیا ہے ۔

 ایم ڈی واسا شہزاد منیر نے واسا کے تمام سیوریج اور ڈسپوزل اسٹیشن افسران کو اپنی اپنی حدود میں تمام مین ہولز پر کورز کی 100 فیصدموجودگی کو یقینی بنا کر  2 دن کے اندر سرٹیفکیٹ پیش کرنے کے بھی  احکامات جاری کر دیے ہیں جبکہ عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد شر پسند عناصر کے خلاف کڑی نظر رکھیں اگر کوئی شخص مین ہول کور یا کڑے چوری کرتا ہوا نظر آئے تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع کریں اور اگر ان کے علاقے میں کسی گٹر پر ڈھکن نہ ہو تو بلا تاخیر واسا کے مرکزی کمپلینٹ سیل کے رابطہ نمبر 1334 پر شکایت درج کروائیں ان کی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔