میونسپل افسران اپنے فرائض پوری ایمانداری سے انجام دیں: فیصل امین گنڈاپور

25

پشاور، ۱۰ جنور(اے پی پی): لوکل کونسل آفیسرز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کی نومنتخب کابینہ نے وزیر بلدیات کے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقدہ ایک سادہ مگر پروقار تقریب کے دوران اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا صوبائی وزیر بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی فیصل امین گنڈاپور نے ان سے حلف لیا اور سالانہ انتخابات میں کامیابی پر انہیں مبارکباد دی نومنتخب کابینہ میں سرپرست اعلیٰ شوکت علی خان، چیئرمین نثار خان، صدر برکت اللہ درانی، سینئر نائب صدر ریاض احمد اعوان، نائب صدر مظہر مظفر اعوان، نائب صدر مس ذوالحجہ الیاس، جنرل سیکرٹری میاں شفیق الرحمن، جائنٹ سیکرٹری نصیر خان اور میڈیا کوآرڈینیٹر رضوان اللہ خان شامل ہیں وزیر بلدیات فیصل امین گنڈاپور نے اس موقع پر ایسوسی ایشن کو یقین دلایا کہ صوبائی حکومت میونسپل افسران کو فرائض کی ادائیگی می درپیش مسائل اور سروس سٹرکچر کے معاملات ترجیحی بنیادوں پر نمٹائے گی اور انکی فلاح و بہبود کی سرگرمیوں میں بھی شریک ہوگی البتہ ہم ان سب سے یہ توقع رکھنے میں بھی حق بجانب ہیں کہ وہ صوبے بھر کے شہروں اور قصبوں کو مانند آئینہ صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے اور شہریوں کو میونسپل سہولیات کی فراہمی کا بنیادی فریضہ پوری تندہی اور دیانت داری سے سرانجام دیں گے انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت کی سزا و جزا پالیسی کے تحت فرض شناس افسران کی ہر طرح حوصلہ افزائی کی جائے گی مگر بدعنوان، کام چور اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ان کی سخت ترین سرزنش سے گریز نہیں کیا جائے گا اسلئے انہوں نے کہا کہ میونسپل حکام ایسے کرپٹ عناصر کی خود ہی نشاندھی کرکے انہیں اپنی صفوں سے نکال باہر کریں فیصل امین گنڈاپور نے مزید خبردار کیا کہ آئندہ وہ ضم اضلاع سمیت صوبے کے مختلف علاقوں، ٹی ایم ایز اور بلدیاتی اداروں کے گاہے بگاہے خود اچانک دورے کریں گے اور میونسپل افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے علاؤہ یہ بھی دیکھیں گے کہ وہ عوامی خدمات کے دعوے میں کتنے مخلص ہیں انہوں نے یاد دلایا کہ بلدیاتی نظام پر صوبائی حکومت اربوں کھربوں روپے خرچ کرتی ہے جو غریب عوام کے جیبوں سے نکلتے ہیں اسلئے عوامی خدمات اور میونسپل سہولیات کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا جبکہ اس نظام کو دن دگنی رات چوگنی بہتر بنانے کا انحصار میونسپل افسران کے طرز عمل پر بھی ہے قبل ازیں صوبائی وزیر نے لوکل کونسل ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لینے کے بعد انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور انکے مسائل سے بھی آگاہی حاصل کی۔