لاہور،21 جنوری ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پرائم منسٹر پیری اربن ایفورڈایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت 3 تحصیلوں میں گھروں کی الاٹمنٹ کیلئے بٹن دبا کر قرعہ اندازی کی ،اس پراجیکٹ کے تحت ساڑھے 17 لاکھ روپے کا ساڑھے 3 مرلے کا گھر، 20 سال کیلئے 6526 روپے ماہانہ قسط کم آمدن والے افراد کو دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے گھر حاصل کرنے والے خوش نصیبوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ پرائم منسٹر پیری اربن ایفورڈایبل ہاؤسنگ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے، پہلی مرتبہ بے گھر لوگوں کیلئے اپنے گھر کا خواب پورا کرنے کی جانب عملی قدم اٹھایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ہر تحصیل اور ہر ڈسٹرکٹ میں پیری اربن ایفورڈایبل ہاؤسنگ سکیم بنائیں گے،وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پیری اربن ایریا میں ایفورڈایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کیلئے کوشاں ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبہ بھر میں پیری اربن ہاؤسنگ کیلئے 133 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے،نیا پاکستان ہاؤسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (نیفڈا) نے 54 مقامات کا سروے مکمل کر لیا ہے،نیفڈا نے پہلے فیز میں 32 سائٹس پر 10 ہزار سے زیادہ ہاؤسنگ یونٹ بنانے کی سفارشات پیش کی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کم آمدن والے افراد کو 10 ہزار روپے فی مرلہ کے امدادی نرخ پر سرکاری اراضی فراہم کر رہی ہے، پیری اربن ہاؤسنگ پراجیکٹ کیلئے اربوں روپے کی قیمتی سرکاری اراضی امدادی نرخ پر فراہم کر رہے ہیں، حکومت پنجاب پراجیکٹ پر انفراسٹرکچر ورک ڈویلپمنٹ کیلئے 3 ارب روپے کا ریوالونگ فنڈ قائم کر چکی ہے۔قرعہ اندازی میں کامیاب درخواست دہندگان/ الاٹی مورگیج فنانس / قرضہ حاصل کرنے کے اہل ہوں گےبینک آف پنجاب کی سربراہی میں بینکوں کا کنسورشیم گھروں کیلئے مورگیج فنانس فراہم کر رہا ہے الاٹی 10 سے 20 سال کے عرصے میں ماہانہ اقساط کی صورت میں ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایفورڈایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کو ایف ڈبلیو او اوراین ایل سی مکمل کریں گے، تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے کیلئے ای سی ایس پی کو پراجیکٹ کنسلٹنٹ مقرر کیا گیا ہے،3 مقامات پر ایفورڈایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت تعمیراتی کام تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کر رہا ہے، پیری اربن ایفورڈایبل ہاؤسنگ میں گھر کی اوسط لاگت کا تخمینہ 17 لاکھ 50 ہزار روپے لگایا گیا ہے، پیری اربن ایفورڈایبل ہاؤسنگ کے تحت رائے ونڈمیں 245، سرگودھا میں 324 اور چنیوٹ میں 270 گھر بنائے جاچکے ہیں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرنے کیلئے پرعزم ہےوعدوں کی تکمیل کیلئے میں اور میری ٹیم شب و روز کوشاں ہیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پیری اربن ایفورڈایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ وزیراعظم عمران خان کے عام آدمی کیلئے گھر کے خواب کی تعبیر ہے ہم عوام کی خدمت کے عہد کو ضرور نبھائیں گے۔
ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری، چیئرمین نیفڈا اور دیگر حکام بھی تقریب میں شریک ہوئے۔