وزیر اعظم عمران خان نے صحت کارڈ کی صورت میں پنجاب کے ہر خاندان کی جیب دس لاکھ روپے رکھ دیئے ہیں؛ وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب

24

فیصل آباد،یکم جنوری  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے صحت کارڈ کی صورت میں پنجاب کے ہر خاندان کی جیب دس لاکھ روپے رکھ دیئے ہیں۔

ہفتہ کی سہ پہر فیصل آباد میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ کے بعدگولڈن پام مارکی نزد فور سیزن سمندری روڈ فیصل آباد پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرنیوالوں کو جاننا چاہیے کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں نے واضح کہا کہ پاکستان کووڈکے باوجوداپنی معاشی و اقتصادی پالیسیوں کے باعث نمبر ون پر آچکا ہے جہاں کووڈ کے دوران کاروباری مراکز،بازار، دوکانیں، فیکٹریاں،تعلیمی ادارے کھلے رہے اور کھلے ہیں ،یہی نہیں بلکہ وزیراعظم عمران خان کی دور رس سوچ اور حکمت عملی با لخصوص سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کو پوری دنیا نے سراہا ہے جبکہ پاکستان کیلئے خوشخبری ہے کہ 31 دسمبر2021 تک سات کروڑافراد کی ویکسی نیشن کا جو ہدف مقرر کیا گیا تھا اسے انتہائی کامیابی سے مکمل کرلیا گیا ہے جس کیلئے اسد عمر، ڈاکٹر فیصل سلطان،این سی او سی محکمہ صحت، کورونا ویکسی نیشن سنٹر کا عملہ اور محکمہ صحت کا فیلڈ سٹاف خراج تحسین کامستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ پوری ویکسی نیشن عطیات کے طور پر ہے حالانکہ ایسا نہیں بلکہ پاکستانی حکومت نے دو ارب ڈالرویکسی نیشن پر خرچ کئے ہیں اور ابھی مزید ویکسین بھی منگوائی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کیلئے نئے سال کے آغاز پر سب سے بڑی خوشخبری پنجاب میں ہیلتھ کارڈکا اجرا ہے جو وزیراعظم عمران خان کی طرف سے تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پنجاب میں ہیلتھ کارڈز کے اجرا پر 400 ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں اور اس سال پنجاب حکومت اس کیلئے 60 ارب روپے مختص کرچکی ہے جس سے صوبہ پنجاب کے 3 کروڑ گھرانوں کے 13 کروڑ افراد مستفید ہوں گے اور ہر گھرانہ ایک سال میں اپنا اور اپنے اہل خانہ کا 10 لاکھ روپے تک اپنی پسند کے ہسپتال میں اپنی پسند کے ڈاکٹر سے علاج معالجہ کرواسکے گا۔

فرخ حبیب نے کہا کہ ان تمام افراد کے علاج معالجہ کا تمام خرچ حکومت برداشت کرے گی جس کی ملکی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی جبکہ اس کے برعکس نواز شریف، شہباز شریف، آصف زرداری، بلاول زرداری کی تمامتر توجہ صرف اور صرف لوٹ مار پر مرکوز رہی اور وہ ملک میں کوئی ایک ایسا ہسپتال نہیں بنا سکے جس میں ان کا اپنا بھی علاج ہوسکتا یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے علاج کیلئے لندن، دوبئی اور امریکہ کا رخ کرتے ہیں کیونکہ ملکی عوام کبھی ان کی ترجیح نہیں رہے مگر اس کے برعکس عمران خان کی پوری توجہ ملکی عوام کی فلاح و بہبود پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف صوبہ پنجاب نہیں بلکہ پورے ملک کا ہیلتھ سسٹم اپ گریڈ ہونے جارہا ہے جس کا اعزاز عمران خان کو حاصل ہوگا۔

سورس:وی   این ایس،  اسلام آباد