اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعاون کے حجم میں اضافے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کیلئے کوشاں ہیں۔پیر کو وزارتِ خارجہ میں وزیر اعظم عمران خان کے ” وژن وسط ایشیا“ کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ” وژن وسط ایشیا“ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے پوری طرح پر عزم ہے۔اجلاس میں وزیر خزانہ شوکت ترین، وزیر ہوا بازی غلام سرور خان، مشیر تجارت رزاق داود سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ زمینی و ہوائی روابط کو مزید مستحکم بنانے کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ اقتصادی سفارت کاری کے اہداف کے حصول کیلئے زمینی و ہوائی روابط کا موثر ہونا، ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ” وژن وسط ایشیا“ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے پوری طرح پر عزم ہے۔