اسلام آباد،22جنوری (اے پی پی):وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستانی فوج اورقوم بہت حوصلہ مند ہے،دہشتگردی کے حالیہ واقعات سے قوم کے حوصلے پست نہیں ہوسکتے،اٹھارہ جنوری کو دو دہشتگرد اسلام آباد میں مارے گئے، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزارسے زائد جانوں کی قربانی اور 150 ارب ڈالر سے زائد کا مالی نقصان اٹھایا ہے،انشاء اللہ دہشتگروں کو شکست فاش ہوگی،23 مارچ کو او آئی سی کے رہنما پاکستان آرہے ہیں،اپوزیشن 23 مارچ کے احتجاج پر غورکرے،پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور ہمارے لئے باعث فخر ہے،دنیا کی کوئی طاقت ہمیں چین سے دور نہیں کرسکتی،پاکستان کی ترقی بھارت کو ایک آنکھ نہیں بھاتی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو وزارت داخلہ کے کانفرنس ہال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ او آئی سی کے اجلاس کے حوالے سے اکیس مارچ سے کچھ سڑکیں بند ہوسکتی ہیں اس لئے اپوزیشن سے درخواست ہے کہ 23 مارچ کو27 مارچ کرلیں، اپوزیشن نے قانون ہاتھ میں نہ لیا تو ان پرکوئی ہاتھ نہیں ڈالے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی تحقیقات جاری ہیں ،وزارت داخلہ نے تمام فورسز کے سربراہان بشمول پولیس، رینجرز، ایف سی سربراہان کو الرٹ رہنے کا کہہ دیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کہ ٹی ٹی پی نے کڑی شرائط رکھیں جنہیں تسلیم نہیں کیا جاسکتا، انارکلی دہشتگردی کے واقعہ کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی تاہم بیرونی تخریب کاری کو رد نہیں کیا جاسکتا، بھارت کوپاکستان کی ترقی ایک آنکھ نہیں بھاتی اوربھارت ہندوتوا سوچ پر گامزن ہوتے ہوئے بھارتی مسلمانوں پر مظالم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے،دہشت گردی کے واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اپوزیشن عدم اعتماد کی بات کس منہ سے کرتی ہے ،حکومت کہیں نہیں جارہی،وزیراعظم عمران خان کی حکومت اپوزیشن کی جڑوں میں بیٹھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان طالبان نے گارنٹی دی ہے کہ ان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی جس کا خیرمقدم کرتے ہیں ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستانی جھنڈے تلے آئیں تو ٹی ٹی پی کی بات سنیں گے،جو ہم سے لڑے گا ہم اس سے لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعہ کی ذمہ داری بی ایل اے نے قبول کی جس کے دو دہشت گرد ہماری پولیس نے مارے ہیں، انارکلی واقعہ سے متعلق ابھی کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔ ہمارے حوصلے بلند ہیں اور انشاء اللہ دہشتگردوں کو شکست فاش ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ شہروں میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایمرجنسی اور صدارتی نظام کا شور ہے تاہم کابینہ میں اس حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، وزیراعظم عمران خان کی نیت صاف ہے اور جس کی نیت صاف ہو اللہ تعالیٰ اس کی مدد کرتے ہیں، جس طرح اس وقت کھاد کا بحران ہے اور اللہ تعالیٰ نے بارش برسا کروزیراعظم عمران خان کی مدد کی ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ چین کی دوستی پرہمیں فخر ہے،دنیا کی کوئی طاقت ہمیں چین سے دور نہیں کرسکتی،غیرملکی طاقتیں سی پیک کا راستہ روکنا چاہتی ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 126 سکواڈ اسلام آباد کی سکیورٹی پرمامور ہیں ، روزانہ کی بنیادپر ان کی جانچ پڑتال ذاتی طور پرکرتا ہوں، جب تک میں وزیرداخلہ ہوں ناکے بحال نہیں ہونگے۔
سورس:وی این ایس، اسلام آباد