دوبئی ،21 جنوری (اے پی پی ): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہےکہ پاکستان کی فلم انڈسٹری بحال ہو رہی ہے، ماضی میں کسی نے اسطرف توجہ نہیں دی،اس سے قبل صرف سیاستدانوں کے ڈرامے دیکھے جاتے تھے، فلاپ فلمیں لندن جا کر بیٹھ گئی ہیں، نواز شریف اینڈ کمپنی جب اقتدار میں تھی تو صرف ان کی فلمیں چل رہی تھیں۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے جمعہ کو یہاں نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ رانا شمیم کے بیان حلفی کے بارے میں چارلس گوتھری نے بھی تصدیق کی ہے کہ رانا شمیم کے بیان حلفی پر نواز شریف کے گھر پر دستخط ہوئے، شریف فیملی کو اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہئے، اس پر انہیں وضاحت کرنی چاہئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز سر کا تاج اور یو اے ای میں مقیم پاکستانیز اس تاج کا نمایاں ہیرا ہیں۔انہوں نے کہا کہ 15 لاکھ پاکستانی یو اے ای میں مقیم ہیں، ترسیلات زر میں ان کا سب سے بڑا حصہ ہے، روشن ڈیجیٹل پاکستان اکاﺅنٹ میں سب سے زیادہ تعداد یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کی ہے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اسی طرح اوورسیز پاکستانیز بھی عمران خان کی پشت پر کھڑے ہیں، یہی وہ امتزاج ہے جو پاکستان کو آگے لے کر چلے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دوبئی فلم فیسٹیول میں 11 پاکستانی فلمیں دکھائی جائیں گی، یو اے ای میں مقیم پاکستانی فیسٹیول میں پاکستانی فلمیں دیکھنے آئیں ۔