پاکستان کے مستقبل کو مضبوط کرنے کیلئے اصلاحات پر عملدرآمد ضروری ہے ؛ وفاقی وزیر بیرسٹر فروغ نسیم

18

اسلام آباد، 27 جنوری(اے  پی پی ): وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے  کہا ہے کہ  ہماری اصلاحات پر بیرون ملک پاکستانی بہت خوش ہیں، پاکستان کے مستقبل کو مضبوط کرنے کیلئے اصلاحات پر عملدرآمد ضروری ہے، اصلاحات سے پولیس بجٹ پولیس سٹیشن تک پہنچے گا، ملکی تاریخ میں پہلی  بار قانونِ شہادت میں اہم ترین اصلاحات کی  گئی ہیں، ویڈیو میکرکو عدالت میں بلانا ضروری نہیں، ایس ایچ او کی تعلیم کم از کم بی اے ہو  گی ، پولیس  کو  45 دن میں چالان پیش کرنا ہو  گا  جبکہ  9 ماہ میں مقدمے کا فیصلہ کیا  جائے گا۔

ان خیالات  کا  اظہار ا نہوں نے  جمعرات کو یہاں فوجداری قانون اور نظام انصاف میں اصلاحات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم   نے  کہا  کہ فوجداری قانون میں اصلاحات کے حوالے سے آج تاریخی دن ہے،فوجداری قانون  اور نظام انصاف میں اصلاحات میں وزیراعظم عمرا ن خان کا  خصوصی تعاون حاصل  تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اصلاحات پر بیرون ملک پاکستانی  بھی بہت خوش ہیں۔

وزیرقانون نے کہا کہ پولیس بجٹ اوپر   ہی کھالیاجاتا  تھا، اصلاحات سے پولیس بجٹ پولیس سٹیشن تک  جائے گا، ایس ایچ او کے لئے بی اے کی ڈگری ضروری ہے۔  انہوں نے کہا کہ چالان پیش کرنے کی مدت 45 دن کر دی گئی ہے، ٹرائل جج کو بتانا پڑے گا کہ 9 ماہ میں فیصلہ کیوں نہیں ہوا۔

فروغ نسیم نے کہاکہ اپوزیشن کا مقصد پاکستان کے عوام کے لئے آسانیاں پیدا کرنا نہیں۔ نیب میں 20 سال تک کیس عملے کی کمی کے باعث  التوا کارشکار رہے۔