لاہور 3 جنوری ( اے پی پی ) صوبائی وزیر آبپاشی محسن لغاری نے کہا ہے کہ پہلی بار آبیانے کے نظام کو ڈیجیٹلائز کیا ہے پنجاب کے پاس دنیا کا بہترین آبپاشی کا نظام ہے۔جو کہ اس صوبے کی دوکروڑ دس لاکھ ایکڑ سے زائد زرخیز اراضی کاشت کرتا ہے۔ یہ مربوط آبپاشی نظا م جہاں ایک طرف انجینئر نگ کا شاہکار ہے وہیں یہ ہمارے صوبے کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ محکمہ آبپاشی میں اس وقت ایک طرف تو ترقیاتی منصوبہ جات پر کام جاری ہے تو دوسری طرف ادارہ جاتی اصلاحات اور نظام آبپاشی میں بہتری کے منصوبوں پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ نہروں کی ٹیلوں سے کسانوں کو پانی کی کمی کی بڑی وجہ راستے میں دوسرے کسانوں کا پائپ اور پمپ لگا کر پانی چوری کرنا تھا ہم نے اس صورتحال کا سدباب کرنے کے لئے پچھلے تین برسوں میں نہروں پر پانی چوری کے خلاف بڑی مہم کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ خریف 2020میں اس مہم کے دوران ہم نے 10 ہزار کے قریب ترمیم شدہ موگے جو کہ پانی چوری کی غرض سے توڑے گئے تھے اُن کو اُن کے اصلی سائز پر بحال کیا۔ مجوزہ طور پر اس دوران 27ہزار کے قریب پانی چوری کے کیس پولیس کو رپورٹ کئے۔ جس پر تقریبا 2600 ایف آئی آر اور ایک ہزار کے قریب گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔اس موقع پر ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیا پاکستان صحت کارڈ بیماروں کے لیے بل خوشی کی نوید ہےجلد صحت کارڈ سب خاندانوں کو جاری کر دیے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف پر انگلینڈ کی زمین تنگ ہو رہی ہے انہیں ملک واپس آنا پڑے گا کوٹ لکھپت جیل ان کا انتظار کر رہی ہے پہلے ہی کہا تھا کہ پی ڈی ایم مارچ میں مارچ نہیں کرے گی یہ صرف تاریخیں دے رہے ہیں۔