چاغی ؛ ایف سی ہیڈ کوارٹر دالبندین میں ریکروٹس کی پاسنگ آوٹ پریڈ

44

چاغی،10جنوری(اے پی پی):فرنٹیئر کور بلوچستان خاران رائفلز کے زیراہتمام ایف سی ہیڈ کوارٹر دالبندین میں ریکروٹس کی پاسنگ آوٹ کی تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خاص بریگیڈیئر سیکٹر کمانڈ نارتھ بریگیڈ کاشف تھے ان کے علاوہ ایف سی بلوچستان 56 ونگ کے کرنل زاہد خٹک، قبائلی رہنماء ملک کریم داد محمد حسنی ،میر عبدالغیاث بڑیچ ،ظاہر انقلابی نوتیزئی ،عطاء اللہ الحسنی سمیت سرکاری آفیسران اور قبائلی معتبرین بھی موجود تھے۔

 پاسنگ آوٹ پریڈ میں کل 810 ریکروٹس نے حصہ لیا، تقریب میں بینڈ باجے کی آواز نے مہمانوں کے دل خوب گرما دئیے۔ مہمان خصوصی بریگیڈئیر سیکٹر کمانڈ نارتھ بریگیڈ کاشف نے پاسنگ آوٹ پریڈ کا معائنہ کیا جبکہ ریکروٹس نے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی ۔

 اس موقع پر بریگیڈیئر سیکٹر کمانڈ نارتھ بریگیڈ کاشف نے تربیت مکمل کرنے والے ریکروٹس اور دیگر مہمانوں سے خطاب کے دوران کہا کہ آج کا دن ہم سب کےلئے خوشی اور مسرت کا دن ہے کہ آج آپ نے 5 ماہ کی پیشہ ورانہ ٹریننگ مکمل کرلی ۔یہ آپ کے اساتذہ کرام کی رہنمائی، محنت اور آپ کی محنت و والدین کی دعاؤں کا نتیجہ ہے کہ آپ یہاں تک پہنچیں آپ کو آنے والے دنوں میں بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا جس کےلئے ابھی سے آپ محنت اور جذبے سے کام لیں۔انہوں نے کہا کہ  ہمارے اسلاف کی روایات اور قربانیوں کی تاریخ ہماری رہبر ہے، ملکی دفاع اور سلامتی کی خاطر ہمیں کردار ادا کرنی چاہیے۔

بریگیڈ کاشف نے کہا کہ  پاک فوج اور ایف سی بلوچستان سرحدوں کی حفاظت اور عوام کی خوشحالی و بقاء کو اپنی فریضہ سمجھتی ہے، ہم اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرکے اپنی خدمات خوش اسلوبی سے سر انجام دیں گے۔

آخر میں مہمان خصوصی بریگیڈئیر سیکٹر کمانڈ نارتھ بریگیڈ کاشف نے بہترین کارکردگی کرنے والے ریکروٹس میں انعامات تقسیم کئے جبکہ قومی ترانے کی دھن بجائی گئی تو شرکاء احتراماً کھڑے ہوگئے۔