کے ایم یو سے میڈیکل کے شعبہ میں تعلیم حاصل کرنا ایک اعزاز ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان

26

پشاور، 13 جنوری(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ کے ایم یو سے میڈیکل کے شعبہ میں تعلیم حاصل کرنا ایک اعزاز ہے، امید ہے کےایم یو کامیابی کے اس سفر میں اپنا تعلیمی معیار برقرار رکھے گا۔

ان خیالات کا اظہار گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور کے کانووکیشن میں شرکت کے دوران اپنے خطاب میں کیا۔

گورنر نے ایم فل، پی ایچ ڈی، ماسٹر اور بیچلر امتحانات میں کامیابی حاصل کرنیوالے طلباء میں ڈگری سرٹیفکیٹس اور گولڈ میڈلز تقسیم کئے اور تمام پوزیشن ہولڈر سمیت تمام طلباء اور انکے والدین کو مبارکباد پیش کی۔

گورنر شاہ فرمان نے کے ایم یو کے 15 سال مکمل ہونے پر انتظامیہ، فیکلٹی اراکین کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کے ایم یو کی کامیابی کا سفر تیزی سے جاری ہے جو قابل ستائش ہے۔

گورنر شاہ فرمان نے کہا کہ زندگی کی کامیابی کا راز خوشیاں بانٹنا اور دکھی انسانیت کی مدد کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے ایم یو سے تعلیم یافتہ نوجوان خوش قسمت ہیں جنہوں نے خود کو انسانیت کی مدد کیلئے چنا ہے، کیونکہ جن پر بھاری ذمہ داری ہوتی ہے انکا احتساب بھی کڑا ہوتا ہے۔