گورنر سندھ نے حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی، مستحقین میں کمبل بھی تقسیم کئے

25

کراچی،13جنوری  (اے پی پی):گورنر سندھ عمران اسماعیل نے حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، بعد ازاں گورنر سندھ نے وہاں پر موجود مستحقین میں کمبل بھی تقسیم کئے۔

 اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت ریاست کی اولین ذمہ داری ہے ، مستحق ، غریب ، نادار اور مالی پریشانی کے شکار افراد میں سردی سے بچائو کے لئے کمبل تقسیم کرنے کا مقصد انسانیت کی خدمت کرنا ہے۔ گورنرسندھ نے مخیرحضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی غریبوں کاخیال کرتے ہوئے اس سلسلے میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں کیونکہ مزارات و اسپتال میں ضرورت مند و غریب لوگوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے۔

گورنر سندھ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت کہیں نہیں جاری ہے بلکہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی ۔ میڈیا کی جانب سے کئے گئے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کواس حالت تک پہنچانے والوں سے پوچھیں جنہوں نے ملک کی دولت لوٹ کرلندن اور دیگر ملکوں میں بھیجی ، اب ان کے اکائونٹس منیجر کے اکائونٹس سے اربوں روپے نکلے کہتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہمیں نہیں پتہ یہ کہاں سے آئے ہیں۔

 مہنگائی پر کئے گئے سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ ساری دنیامیں مہنگائی ہوئی ہے بلکہ امریکہ میں تو چالیس سالہ ریکارڈ ٹوٹاہے۔ گورنر سندھ نے مذید کہا کہ کراچی کوماس سٹی میں بدلناپڑیگا جس سے اسٹریٹ کرائم پرقابوپانے میں مدد ملے گی۔

 بلدیات پر کئے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیا بلدیاتی نظام کالاقانون کے مترادف ہے کیونکہ اس قانون کے تحت اداروں پرقبضے کی کوشش کی گئی ہے ، نیا بلدیاتی نظام کو درست کرنے کے لئے سندھ حکومت کو چاہئیے کہ وہ تمام اسٹیک ہولڈرکے ساتھ بیٹھے اور سب کی سفارشات کو سامنے رکھتے ہوئے نیا بلدیاتی قانون تشکیل دے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں یوریازیادہ سستی ہے اور اس لئے قلت ہے کہ سندھ میں ضرورت سے زیادہ سپلائی ہے لیکن یہاں پر اسٹورکیا جارہا ہے۔

 گورنرسندھ نے مذید کہا کہ گندم کی منصفانہ تقسیم و فراہمی کے لئے سندھ حکومت ذخیرہ اندوزوں اور بلیک مارکیٹنگ میںملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرے۔