ملتان،23جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ن لیگ 20 ارب ڈالر کا خسارہ ورثہ میں چھوڑ کر گئی، مہنگی بجلی کے معاہدے نواز شریف کے دور حکومت میں ہوئے جس کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے، حکومت نے مشکل فیصلے کئے اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، مہنگائی حکومت کیلئے بہت بڑا چیلنج ہے ، مہنگائی سے غافل نہیں، مہنگائی کا موجد کون ہیں؟ ن لیگی قیادت آئے اور ٹی وی پر مذاکرہ کرے، ہر جگہ پر ن لیگ کی جعل سازی ثابت ہوئی ،2019 میں پلوامہ کا ڈرامہ کرکے پاکستان پر حملہ کیا جاتاہے، نریندر مودی کو جاتی عمرہ میں ساڑھیوں کا تحفہ دے کر ہم نے نہیں بھیجا، ہم نے ابھی نندن کو چائے پلا کر بھیجا، بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی، جموں و کشمیر میں مظلوم کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم و جارحیت پر دنیا کے سوئے ہوئے ضمیر کو جگایا، اقوام متحدہ میں وزیراعظم عمران خان اور آپ کے منتخب نمائندے نے گستاخ رسول کے خلاف علم بلند کیا، اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحانات کے خلاف آواز بلند کی، 38ملین افغانیوں کو بھوک اور غربت سے بچانے کیلئے 57 ممالک کے وزراءخارجہ اور وفود کو پاکستان بلایا ، ایسے اقدامات ماضی کی کسی حکومت نے نہیں کئے، آج عالمی دنیا پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی کو سراہا رہی ہے، ن لیگ کی حکومت نے چار سال وزیرخارجہ کا تقرر نہ کرکے پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا کرنے کی سازش کی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز این اے 156 کی یونین کونسل 17 میں اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کی صفوں میں دراڑیں پڑ چکی ہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ نے رانا شمیم کے بیان حلفی اور آڈیو ٹیپ کو جعلی قرار دیا ہے، ن لیگ کا قطری خط جعلی ثابت ہوا،عدلیہ او ر اداروں پر حملہ ن لیگ کا وطیرہ ہے،عوام پی پی ، ن لیگ دونو ں کی اصلیت جان چکے ہیں،دونوں جماعتو ں سے متنفر ہو چکے ہیں،وزیراعظم عمران خان عوام کیلئے امید کی کرن ثابت ہوئے ہیں۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ جنوبی پنجاب صوبے کا قیام تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے اور ہم اپنے منشور پر قائم ہیں اور درست سمت چل رہے ہیں، جنوبی پنجاب صوبے کے حوالے سے اسمبلی میں میری تقریر سے اپوزیشن کو سانپ سونگھ گیا اور خاموشی چھا گئی، صوبے کے حوالے سے ہم جو کچھ کرسکتے تھے ہم نے کیا،ہم نے عوام کی سہولت کیلئے سیکرٹریٹ قائم کئے ہمیں کہا گیا کہ ہمیں سیکرٹریٹ نہیں صوبہ چاہیے، میں نے بذریعہ خط پی پی، ن لیگ کی قیادت کو دعوت دی آئیں جنوبی پنجاب کے عوام کو صوبہ دینے کیلئے ہمارا ساتھ دیں ہم آج ہی جنوبی پنجاب کے عوام کو صوبے کا تحفہ دے کر یہاں کے عوام کو ان کا حق دینے کیلئے تیار ہیں، ہم اپنے قول پر قائم ہیں خلوص نیت سے جنوبی پنجاب کی ترقی چاہتے ہیں ،میں جنوبی پنجاب کے عوام اور باالخصوص طور پر اپوزیشن کے اراکین اسمبلی سے کہوں گا کہ وہ جنوبی پنجاب صوبے کی تشکیل کیلئے اپنی قیادت کو راضی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک صدی بعد کورونا وائرس کی شکل میں وبائی مرض حملہ آورہوا ہے جس سے دنیا میں لاکھوں افراد ہلا ک ہوئے ہیں، جانی نقصانات کے ساتھ عالمی معیشت پر بھی گرفت کمزور ہو گئی ہے، میں گزشتہ دنوں سپین گیا جہاں مجھے بتایا گیا کہ وہاں کی آبادی ساڑھے تین کروڑ اور کرونا سے 28 ہزار ہلاکتیں ہوئی ہیں جب کہ پاکستان کی آبادی 22 کروڑ اور 28 ہزار ہلاکتیں ہوئی ہیں، اللہ تعالیٰ کا پاکستان کی عوام پر احسان ہے اور وزیراعظم عمران خان کی بصیرت کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے کرونا کے دو سالوں کے دوران عوام کو نہ صرف بھوک و غربت سے بچایا بلکہ ان کے گھروں کاپہیہ بھی چلتا رہا، کورونا کی وجہ سے پاکستان میں گزشتہ دو سال مشکل تھے تیسرا سال قدرے بہتر جا رہا ہے،حکومت نے اپنے تین سالہ دور میں ملک کی اقتصادی ترقی کی شرح کے حوالے سے غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں، ترسیلات زر، برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے سمیت سٹاک ایکسچینج اور زراعت کے شعبے میں واضح بہتری موجودہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ مہنگائی ہماری حکومت کیلئے بہت بڑا چیلنج ہے،کرونا کے بعد مہنگائی عالمی مسئلہ ہے۔ تاہم مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں اشیاءضروریات کی قیمتوں میں جلد کمی آئیگی ہم جلد مہنگائی پر قابو پا کر سرخرو ہو کر عوام کی عدالت میں جائیں گے اور انشاءاللہ 2023ءبھی تحریک انصاف کی کامیابی کا سال ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کون کہتاہے تحریک انصاف کی مقبولیت میں کمی ہوئی ہے۔ کے پی کے کے بلدیاتی انتخابات میں ن لیگ کہاں کھڑی ہے۔ سروے انڈکس بتاتے ہیں تحریک انصاف آج بھی پاکستان کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔ کارکن پی ٹی آئی کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ 5 سال اپوزیشن میں کاٹے مخلص کارکن ہمارے ساتھ رہے۔مخلص اور محنتی کارکن تحریک انصاف کا سرمایہ ہیں ، کارکنوں کو مایوس نہیں کریں گے۔ پارٹی تنظیم سازی میں محنتی اور مخلص کارکنوں کو سامنے لائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ این اے 156 میں گزشتہ ساڑھے تین سال کے دوران 11سو کروڑ روپے کے ترقیاتی کام ہوئے جو ماضی میں کبھی نہیں ہوئے۔ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی،حلقے کے عوام کی محبتوں کے مقروض ہیں، جنہوں نے عزت دیکراسلام آباد میں اقتدار کے ایوانوں تک پہنچایا ملتان کے عوام اور باالخصوص طور پر اپنے ووٹرز کو مایوس نہیں کرونگا۔ ملتان میں اربوں روپے کے میگا پروجیکٹس پر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے ملتان کے عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔
صوبائی معاون خصوصی حاجی جاوید اختر انصاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔