سلام آباد،6جنوری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم بحیثیت قوم صرف حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی ترقی کر سکتے ہیں۔
ان خیالات کاا ظہارانہوں نے معروف مذہبی سکالرمولانا طارق جمیل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی رحمت اللعالمین اتھارٹی کے مجوزہ کردار سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ اتھار ٹی ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی قائم کردہ ریاست مدینہ کی بنیادی اقدار اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی شاندار تعلیمات کی روشنی میں نوجوانوں کی کردار سازی کے لیےقائم کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بحیثیت قوم صرف حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی ترقی کر سکتے ہیں۔
مولانا طارق جمیل نے ریاست مدینہ کے فلاحی ماڈل کو نافذ کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیمات نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی روشنی میں نوجوانوں کی کردار سازی پر زور دینےکے لیے وزیر اعظم کی کاوشوں کو سراہا۔











