اسلام آباد،23فروری (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ آسیہ اندرابی سمیت آزادی کی جدوجہد میں مصروف کشمیری خواتین صرف دختران کشمیر ہی نہیں بلکہ دختران پاکستان بھی ہیں، ہمارے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی سالمیت، خودمختاری اور کشمیر کا مقدمہ ہر عالمی فورم پر لڑا، اپوزیشن کشمیر کے حوالہ سے ہمارے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کرنے کی بجائے کسی اور موضوع پر سیاست کرے۔
وہ بدھ کو یہاں مقبوضہ جموں کشمیر کی مزاحمتی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں کشمیر یوتھ الائنس اور جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام‘‘مزاحمت کی علامت خواتین’’ کے عنوان پر قومی کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر دارارقم سکول کے بچوں نے کشمیری خواتین کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ٹیبلو پیش کیا۔
وزیر مملکت زرتاج گل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدہ آسیہ اندرابی ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی جیسی کشمیری خواتین جدوجہد آزادی کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ یہ ہمارا وقار ہے اور ہر پاکستانی کے دل میں ان کے لئے احترام موجود ہے۔ کشمیری خواتین مزاحمت کی علامت ہیں۔ بھارت اہل کشمیر کے جذبات کو دبانے کے لئے اور مقبوضہ کشمیر میں اپنے تسلط کو قائم رکھنے کے لیے طرح طرح کے غیر انسانی ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے لیکن سلام ہے کشمیری خواتین کو جو مردوں کے شانہ بشانہ جدوجہد کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیّدہ آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی صرف دختران کشمیر ہی نہیں بلکہ دختران پاکستان بھی ہیں، وزیراعظم عمران خان نے ہر عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ سیاست چمکانے کیلئے ہمارے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا کہ ہم نے کشمیر کا سودا کر دیا ہے، انہوں نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ کسی اور موضوع پر سیاست کرے، کشمیر کا کوئی سودا نہیں کر سکتا، کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے۔
جماعت اسلامی کی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی عائشہ سیّد نے کہا کہ 23 فروری کا دن عالمی اداروں سے انصاف کا متقاضی ہے، ہندوستان ریاستی سطح پر مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کر رہا ہے، اقوام متحدہ دنیا میں امن کیلئے قائم کیا گیا ادارہ ہے، جنوبی ایشیاء کا امن ہندوستان نے برباد کر رکھا ہے لیکن جنوبی ایشیاء کا امن برباد کرنے والے ہندوستان کے خلاف اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہی کے دن مقبوضہ کشمیر میں خواتین کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
خاتون کشمیری رہنما شائستہ صفی نے کہا کہ ہندوستان ایک نہتی مسلمان لڑکی کے تکبیر کے نعرے سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے، دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں خواتین اﷲ اکبر ، ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے، یہ نعرے بلند کر رہی ہیں، سیکولر کا نعرہ لگانے والا نام نہاد بھارت انسانوں کے بنیادی حقوق سلب کر رہا ہے، کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا جا رہا ہے۔
کشمیر یوتھ الائنس کے صدر ڈاکٹر سیّد مجاہد گیلانی نے کہا کہ کشمیر میں مظالم کی سیاہ رات ختم ہونے والی ہے۔ جموں و کشمیر لبریشن سیل کے ڈائریکٹر جنرل ارشاد محمود نے کہا کہ کشمیر کا مقدمہ عالمی دنیا میں پیش کرنے کے لئے آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت نئے اقدامات کررہی ہے جو ماضی میں نہیں ہوئے۔ نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ حکومت کا ساتھ دیتے ہوئے کشمیر کاز کے لیے جدوجہد کریں۔
اس موقع پر کشمیری رہنما سید مشتاق گیلانی، سیدہ آسیہ اندرابی کے بیٹے احمد بن قاسم، ممتاز صحافی امیر عباس، اویس منگلوالہ، ملیحہ ہاشمی، بختاور محمود، نوجوان رہنما عثمان سبحانی ایڈووکیٹ، سردار مظہر، عظام چوہدری، بلال ربانی، سیکرٹری جنرل کشمیر یوتھ الائنس رضی طاہر، نوید احمد، پلوشہ سعید، انعم امتیاز، عامر رضا ایڈووکیٹ، کشمیری رہنما خدیجہ اندرابی، ڈاکٹر سمیعہ ڈوگر، سردار حمزہ رافع سمیت نوجوانوں اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد شریک تھی۔