اٹک کی تحصیل حضرو میں بس اڈہ پر لنڈا بازار کو آگ لگ گئی

74

اٹک،21  فروری(اے پی پی): اٹک کی تحصیل حضرو میں  بس اڈہ پر لنڈا بازار کو آگ لگ گئی ، 30 کھوکھے جل  کر خاکستر ہو گئے ۔ لاکھوں کا نقصان ، دکاندار دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی سروسز کے ترجمان امیر نواز کے مطابق مین بس اسٹینڈ کے ساتھ لنڈا بازار  میں آگ لگ گئی جو جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور فائر بریگیڈ کے پہنچتے پہنچتے سب دکانوں کو لپیٹ میں لے چکی تھی۔ ریسکیو سروسز کی گھنٹوں طویل کوششوں کے باوجود جس میں 40 ریسکیو ورکرز، پانچ فائر ٹینڈرز اور دو ایمبولینسز نے حصہ لیا، کھوکھے راکھ میں تبدیل ہو گئے۔ ترجمان کے مطابق واقعے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

متاثرہ دکانداروں نے واقعے کے خلاف احتجاج کیا اور اپنے نقصانات کا ازالہ کرنے کے لیے مالی معاوضے کا مطالبہ کیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اے سی حضرو زوہیب احمد انجم موقع پر پہنچ گئے دریں اثناء پی ٹی آئی کے رہنما قاضی احمد اکبر بھی پہنچ گئے ۔ حالات کو کنٹرول کرنے کیلئے ڈی پی اٹک رانا شعیب محمود ، ڈی ایس پی ضیغم عباس اور ایس ایس ایچ او حضرو مظہر الاسلام بھاری نفری کے ہمراہ موجود تھے ۔