جدہ،08 فروری (اے پی پی):پاکستان یکجہتی فورم کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی، تقریب کے مہمان خصوصی اسلامی تعاون تنظیم میں پاکستان کے مستقل مندوب رضوان سعید شیخ تھے۔
تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا ہندوستان کو کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی منظور کردہ قرارداد کے مطابق حق خودارادیت دینا ہوگا، پانچ فروری کشمیر میں جاری 74 سالہ ظلم و ستم کی داستان کو یاد کرنے اور اقوام متحدہ کی پاس کردہ قرارداد کی یاددہانی کروانے کا دن ہے،ل۔انہوں نے کہا کہ ہم او آئی سی سمیت تمام پلیٹ فارم پر کشمیریوں کی آذادی تک انکی سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھیں گے۔
تقریب سے دیگر مقررین نے خطاب میں کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی نشاندہی کی، قومی یکجہتی فورم کے صدر ریاض بخاری، چوہدری محمد اکرم ،تصور چوہدری، راجہ بشیر، نوشیرواں خٹک، راجہ شمروز ، وقاص عنایت، خورشید متیال، اظہر وڑائچ اور مسلم کانفرس کے صدر سردار اشفاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارے، اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اس مسئلے کو فوری طور پر حل کرئے اور کشمیریوں کوحق خودارادیت دیا جائے۔
مقررین نے کہا کہ 914 دن سے بھارت نے نہتے کشمیریوں کو محصور بنایا ہواہے، اتنی طویل جدوجہد کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی مگر دنیا بھارتی ہٹ دھرمی پر آنکھیں بند کیے ہوئے ہے۔