خیرپور،16فروری(اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ اور سٹی اسکول کے مشترکہ تعاون سے ڈی سی آفس میں شجرکاری کے سلسلے میں شعورکی بیداری کے حوالے سے رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں مہمان خاص ڈپٹی کمشنر سیف اللہ ابڑو تھے۔ تقریب میں اے ڈی سی ون ضمیر جاگیرانی، اے ڈی سی ٹو محمد اقبال جنڈران، ندیم پٹھان سمیت دیگر اسٹاف اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر سیف اللہ ابڑو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرتی سطح پر خوبصورتی، آب و ہواکو صاف ستھرا بنانے، انسانی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب کرنے اور گرمی کی شدت میں کمی کے لیے شجرکاری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
تقریب سے سٹی اسکول کی پرنسپل حمیرا کھرل نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے اسکول کی کارکردگی سمیت شجرکاری میں بھرپور تعاون کو یقین دلایا اس سے قبل اسکول کے طلبہ اور طالبات نے شجرکاری کی اہمیت افادیت اور معاشرے میں شجرکاری کے فوائد پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے تقاریر، ٹیبلوز پیش کیے۔
بعد ازاں ڈی سی آفس کے سبزہ زار میں ڈپٹی کمشنر سیف اللہ ابڑو، اے ڈی سی محمد اقبال جنڈران، اسکول کی پرنسپل حمیرا کھرل نے پودے لگا کر شجرکاری کا آغاز کیا۔