سیالکوٹ؛ ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ کالج وویمن یونیورسٹی میں کامرس ڈیپارٹمنٹ کا افتتاح کر دیا

82

سیالکوٹ،24فروری( اے پی پی):  ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے وائس چانسلر ڈاکٹر پروفیسر رخسانہ کوثر کے ہمراہ گورنمنٹ کالج وویمن یونیورسٹی میں کامرس ڈیپارٹمنٹ کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے یونیورسٹی سبزہ زار میں پودا بھی لگایا،ڈپٹی کمشنر نے یونیورسٹی میں بک فیئر ، طالبات کی جانب سے بنائے گئے سائنس و سوشل ماڈلز کا معائنہ کیا اور فن فیئر میں لگائے گئے اسٹالز کو بھی دورہ کیا اور طالبات کی جانب سے تیاری کی جانے والے ہینڈی کرافٹ اور مختلف پراڈکٹ میں دلچسپی کا اظہار کیا اود خریداری بھی کی۔

ڈی سی سیالکوٹ نےکہا کہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی،کلچرل پروگرامز کے انعقاد سےطالبات کو اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کے اظہار کو موقع ملتا ہے۔انہوں نے جی سی وویمن یونیورسٹی میں کامرس ڈیپارٹمنٹ کے اجراء پر یونیورسٹی کے متعلقہ حکام کی کاوشوں کو سراہا۔

اس موقع پر سینئر نائب صدر ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ زوہیب رفیق، ڈاکٹر افضال بٹ اور ڈاکٹر گلشان سمیت اساتذہ اور طالبات کثیر تعداد میں موجود تھیں۔