ضلع چنیوٹ میں انسداد پولیو مہم 28 فروری سے 2 مارچ تک جاری رہے گی

23

چنیوٹ،08فروری(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں انسداد پولیو مہم 28 فروری  سے 2 مارچ تک  جاری رہے گی جبکہ مزید دو دن بھی پولیو ٹیموں کو متحرک رکھا جائے گا تاکہ کسی وجہ سے رہ جانے والے بچوں کو قطرے پلا کر سو فیصد ہدف مکمل کیا جاسکے ۔

یہ بات ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید نے ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کے اجلاس کے دوران جملہ محکموں کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ اس پولیو مہم میں 239748 بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے اور اس میں محکمہ ہیلتھ کی 1080 ٹیمیں حصہ لیں گی۔انہوں نے کہا کہ تمام محکمے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں ،کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گئی ۔

 ڈپٹی کمشنرعاصم جاوید نے انسداد پولیو مہم پر ذمہ دارانہ عملدرآمد کے لئے متعلقہ محکموں کو ٹاسک تفویض کرتے ہوئے کہا کہ سو فیصد اہداف کے حصول کے لئے جامع مائیکرو پلان پر عملدرآمد ہونا چاہیے ۔ انہوں نے والدین کی آگاہی کے لئے تشہیر کے ہرممکن ذراءع بروئے کارلانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ سٹاف کی ٹریننگ سمیت دیگر ضروری انتظامات فوری مکمل کئے جائیں ۔ انہوں نے سوشل ویلفیئر،لیبر، ایجوکیشن ،ہیلتھ اوردیگر محکموں کو والدین کی آگاہی کے لئے اقدامات کرنے کی بھی تاکید کی۔

 اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈاکٹر شہزاد خلیل نے مہم کے انتظامات اور مطلوبہ ٹارگٹس کے بارے میں بریفنگ دی ۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف،ڈی ایچ او ڈاکٹرشہزاد خلیل،وائس ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر صادق، ڈپٹی ڈی اوز ہیلتھ،نمائندہ ڈبیلو ایچ او ، سی او ایجوکیشن ظفر عباس ریحان ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شہبازخان،نمائندہ  سیکیورٹی  کے علاوہ دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔