اسلام آباد،24فروری (اے پی پی):آزادکشمیر کی سیاسی قیادت نے کہا ہےکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو پیغام دیتے ہیں کہ وہ تنہا نہیں ہم ان کے ساتھ ہیں،تمام سیاسی جماعتوں نے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر واضح پیغام دیا ہے کہ جدوجہد آزادی میں ہم سب ایک ہیں،کشمیری اگر امن سے نہیں رہیں گے تو دنیا میں امن قائم نہیں ہوگا۔
جمعرات کو کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا، اب بھارت آبادی کا تناسب تبدیل کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت چاہتا ہے مقبوضہ کشمیر میں ہندو وزیر اعلی لایا جائے۔ ہم نے بھارت کی سازش کو دیکھتے ہوئے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم نے مشاورت سے ریلی کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد کے بعد مظفرآباد اور پھر لندن اور برسلز میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران تمام کشمیری قیادت وہاں مظاہرہ کرے گی۔ ہم بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرکے سازش کو بے نقاب کریں گے۔ پوری دنیا جان چکی کہ مودی دہشت گرد ہے۔ بھارت میں بھی مودی کیخلاف آواز بلند ہو رہی ہے۔
کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں مسئلہ کشمیر کے حوالے متحد ہیں، میں ایل او سی کا رہنے والا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں گزشتہ 74 سال سے بھارتی گولیوں کا سامنا کررہا ہوں۔ مجھ سے زیادہ کشمیریوں کا درد کوئی نہیں سمجھ سکتا۔ میں نے پاکستان کی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر بات کی۔ افعانستان پر نیشنل سکیورٹی کونسل کا اجلاس بلایا جاسکتا ہے تو کشمیر پر بھی بلانا چاہیے۔ آزاد کشمیر اور پاکستان میں ہونیوالی کشمیر کانفرنسوں کا انعقاد ہماری حکومت کرے گی۔ کشمیری مظلوم نہیں بہادر قوم ہے۔ دنیا کو یہ پیغام دیتا ہوں کشمیر ظلم کی چکی میں پس رہا ہے۔ کشمیری قیادت قید وبند کی صوبعتیں برداشت کررہی ہے۔ آل پارٹیز کانفرنس میں یہ طے کیا تھا کہ دنیا کو ایک پیغام دینا تھا ۔ اسلام آباد اور بیس کیمپ کی حکومت مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک پیج پر ہیں۔
وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ میں بیس کیمپ کا وزیراعظم ہوں ۔ مودی نے آج دیکھ لیا کہ کشمیری ایک ہیں، وہ آزادی لیکر دم لیں گے ۔ میں ایل او سی سے تعلق رکھتا ہوں ، مقبوضہ کشمیریوں کے بھائیوں کا درد مجھ سے بہتر کوئی نہیں جانتا ۔ میں نے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ان کیمرہ اجلاس بلانے کی تجویز دی ۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا کہ کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم کو اجاگر کرنا ہے۔ آج مودی کیخلاف پوری دنیا نفرت پائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے شہری بھی کہہ رہے ہیں کہ مودی جو کر رہا ہے بھارت ٹوٹ جائے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل دیئے جارہے ہیں۔
کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر و وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ آج کی یہ ریلی کشمیری عوام کیلئے پیغام ہے کہ ہم سب آپکے ساتھ ہیں۔آج ہم دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم کشمیر کو آزاد کرکے رہیں گے۔کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے پر صدر آزاد کشمیر کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔ مسئلہ کشمیر زمینی تنازعہ نہیں لوگوں کی زندگیوں کا مسئلہ ہے۔ مسئلہ کشمیر کے بنیادی فریق کشمیری ہیں ۔ کشمیری قیادت کو او آئی سی میں آبزور کا اسٹیٹس دلوایا جائے۔
کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس نے کہاکہ کشمیر کی تحریک کو جلاء بخشنے کیلئے ہم نے عملی کام کا آغاز کیا ہے۔اقوام متحدہ سے مطالبہ ہے کہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہاکہ ہم دنیا کو یاد دلانا چاہتے ہیں جنگ عظیم میں لاکھوں لوگوں کی جانیں گئیں ۔ اقوام متحدہ کا وجود امن کے لیے آیا، دنیا میں کوئی مسئلہ ہو اقوام متحدہ سامنے آتا ہے ۔ ہندوستان آگ سے کھیل رہا ہے جس کی چنگاری پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے ۔ کشمیر زمین کا ٹکڑا نہیں ایک کروڑ لوگوں کا مسئلہ ہے ۔ بھارتی سرکار پانچ اگست 2019کے کے بعد کشمیر میں ہندوں کو آباد کرنا چاہ رہی ہے۔ تم ہندو آباد کرکے دیکھو کشمیر کا بچہ بچہ قربانی دینا جانتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کرواکے کشمیریوں کو فیصلہ کا حق دیا جائے ۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔ ہمارے قائد نے فرمایا تھا کشمیر ہماری شہ رگ ہے ۔ اگر ہم امن سے نہیں رہیں گے تو دنیا میں کہیں امن قائم نہیں رہ سکتا ۔ ہم اقوام متحدہ سے بھی مطالبہ کرتے ہیں دنیا میں امن کے لیے کشمیر کی آزادی کے لیے کردار ادا کرے۔
صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری یاسین نے آل پارٹیز کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اجتماع کا دنیا بھر میں پیغام گیا ہے کہ پوری کشمیری قیادت مسئلہ کشمیر پر اکھٹی ہے ۔ کشمیر کا حق خود ارادیت کے علاوہ کوئی حل قابل قبول نہیں۔ ہم مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے چاہتے ہیں۔
کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سابق امیر عبدالرشید ترابی نے کہاکہ آج کی کامیاب ریلی کے انعقاد پر صدر آزاد کشمیر کو خراج تحسین پیش کرتاہوں ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو پیغام ہے کہ وہ تنہا نہیں ہم سب ان کے ساتھ ہیں۔