ملتان، 23 فروری (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر کے حکم پر جنرل بس سٹینڈ پر غیر قانونی بس و ویگن سٹینڈز کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا گیا۔ اس موقع پر جنرل بس سٹینڈ کے باہر گرین بیلٹس پر بنے متعدد غیر قانونی پوائنٹ ختم کرکے گرین بیلٹس واگزار کرالی گئیں۔
سیکرٹری آر ٹی کی سربراہی میں غیر قانونی سٹینڈ پر کھڑی 10 سے زائد بسیں بھی تھانے بند کردی گئیں۔آپریشن میں سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن اور انتظامیہ و پولیس نے حصہ لیا۔ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی بس سٹینڈز کے کیبن اور سامان قبصے میں لے لیا اور کریک ڈاؤن کے دوران سڑک سے ملحقہ سرکاری اراضی بھی واگزار کرالی گئی۔
سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر نے جنرل بس سٹینڈ کو مثالی بنانے کا ٹاسک دیا ہے۔جنرل بس سٹینڈ سے باہر کسی بس و ویگن سٹینڈ کی اجازت نہیں دینگے۔انہوں نے کہا کہ بس و ویگن مالکان کو جنرل بس سٹینڈ پر مثالی سہولیات فراہم کی گئی ہیں اب ذاتی مفاد کیلئے انفراسٹرکچر تباہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی جاری رہے گی۔