ملتان، 02 فروری (اے پی پی): کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کے ہمراہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا،جس دوران شہریوں کی درخواستوں کا فوری ازالہ کیا گیا۔
کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ ریونیو کچہری میں سو فی شکایات کا ازالہ کیا جارہا ہے اور معائنہ ریکارڈ،اجراء فرد اور انتقالات سمیت تمام سہولیات ایک چھت تلے موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے عوام کو انکی دہلیز پر سروسز فراہم کرنے کا ٹاسک دیا ہے ، عوامی خدمت ریونیو کچہری کو عوام میں بھرپور پزیرائی مل رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ عوامی ریونیو کچہری صحیح معنوں میں عوامی ریلیف کا ذریعہ بن چکی ہے ، ریونیو کچہری کا مقصد ایک چھت تلے شکایات کا ازالہ ہے۔ انہوں نے کہا دیہی مرکز مال پر بھی ریونیو سے متعلقہ سہولیات فراہم کی گئیں ہیں ، تمام درخواستوں کی موثر پیروی کرکے مسائل حل کئے جاتے ہیں۔
شہریوں نے عوامی ریونیو کھلی کچہری کے اقدام پر اظہار اطمینان کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طیب خان،اسسٹنٹ کمشنرز اور ریونیو عملہ بھی موجود تھا۔