ملتان، 25فروری(اے پی پی ): وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر شروع کی گئی ماہ صفائی مہم کا آخری ہفتہ جاری ہے، جس دوران ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی انتظامیہ اہداف کے سو فیصد حصول کے لئے متحرک ہے۔
کمپنی کے سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے شہر کے چاروں زونز میں صفائی کی انسپکشن شروع کر دی ہے، شہر کے تنگ محلوں اور کوچوں میں بھی صفائی کو چیک کیا جارہا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد فاروق ڈوگر نے بتایا کہ ماہ صفائی میں معمول سے ہٹ کر صفائی کی جارہی ہے اور شہر کی تمام یونین کونسلوں کو زیرو ویسٹ کرنے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ روزانہ دو سے تین یونین کونسلوں میں زیرو ویسٹ آپریشن کیا جاتا ہے۔اس مقصد کے سپیشل صفائی اسکواڈ تشکیل دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ معمول کی صفائی کے بعد ہر یونین کونسل کے ورکرز کو نظر انداز کئے گئے علاقوں میں صفائی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جہاں بھرپور صفائی سرانجام دی جا رہی ہے۔
سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے بتایا کہ ماہ صفائی مہم کی روزانہ کی کارکردگی کی تصاویر کے ثبوت ایپ پر اپ لوڈ کی جاتی ہے اور پنجاب حکومت ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے ویسٹ منیجمنٹ کمپنیوں کی کارکردگی مانیٹر کررہی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ شہری صفائی بارے شکایات کے لئے ہیلپ لائن 1139 پر رابطہ کریں جس کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔