بہاولنگر،21 فروری ( اے پی پی ): سابق ترجمان پنجاب حکومت شوکت محمود بسراء نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ جنوبی پنجاب کے پسماندہ اضلاع کے لئے ریکارڈ فنڈز مختص کئے ہیں ،ضلع بہاولنگر میں 2 ارب 83 کروڑ روپے لاگت کے ہارون آباد فورٹ عباس روڈ منصوبے پر کام کا آغاز ہوچکا ہے۔
ان خیالات کا اظہار سابق ترجمان پنجاب حکومت شوکت محمود بسراء نے کھچی والا ریلوے گراونڈ میں منعقدہ ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مقامی پی ٹی آئی قائدین کے علاوہ سماجی سیاسی شخصیات بھی موجود تھیں، جلسہ عام میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔
شوکت بسراء نے کہا کہ علاقے کے لاکھوں افراد کے دیرینہ مسئلہ نہری پانی کی فراہمی کو بھی موجودہ حکومت نے حل کردیا ہے ، صحت کارڈ حکومت کا بہت بڑا منصوبہ ہے جس سے ہر پاکستانی کو استفادہ ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران حقیقی معنوں میں ملکی مسائل کو حل کرنے کےلئے کوشاں ہیں، عوام نے منی لانڈرنگ اور چوروں کو مسترد کر دیا ہے وہ مسائل بھی حل کریں گے جو 70 سال سے نہیں ہوئے۔
پی ٹی آئی رہنما شوکت بسراء نے کہا کہ ہارون آباد سے فورٹ عباس تک سوئی گیس کا منصوبہ بھی جلد منظور ہوجائے گا ۔انہوں نےکہا کہ مہنگائی کے مسئلہ کو حل کیا جارہا ہے، اگلی حکومت بھی انشاءاللہ پی ٹی آئی کی ہو گی۔