لاہور،23 فروری ( اے پی پی ): وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے کامونکی ضلع گوجرانوالہ میں پہلی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بننے والی نئی ماڈل منڈی کا افتتاح کردیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا کہ موجودہ حکومت کاشتکاروں اور صارفین کو معیاری سہولتیں فراہم کرنے کیلئے پنجاب ایگریکلچرل مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام عمل میں لائی، پامرا ایکٹ کے تحت اب تک 146 منڈیوں کی رجسٹریشن مکمل کی جا چکی ہے،پامرا ایکٹ کے تحت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت نئی زرعی منڈیاں قائم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کاشتکاروں کی فلاح کیلئے 105 منڈیوں میں کسان پلیٹ فارم کا قیام عمل میں لا چکی ہے،موجودہ حکومت کی ترجیحات میں کاشتکاروں کی خوشحالی سر فہرست ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی منڈی کے قیام سے مقامی کاشتکاروں اور صارفین کو معیاری سہولیات مل سکیں گی۔