رینالہ خورد،23فروری(اےپی پی): صوبائی وزیرفشریزاور اشتمعال اراضی پیرصمصام شاہ بخاری نے کہا ہے کہ 75سال سے پیداہونے والی خرابیوں کودورکرنے کا بیڑاعمران خان کی شکل میں موجودہ حکومت نے اٹھایاہے، مسلح افواج فسطائیت، لاقانونیت اورخرابیوں کے آگے سیسہ پلائی دیواربن کرکھڑی رہی، اقوام عالم میں پاکستان اور ترکی عالم اسلام کولیڈ کررہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار کی جانب سے رینالہ خورد1122ریسکیوسنٹرکو گاڑیاں فراہم کرنے اور آپریشنل کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پیرصمصام شاہ بخاری نے کہاکہ 75سال سے جوہونا تھا وہ ناہوسکااس کی شروعات اب ہورہی ہے، ہماری مسلح افواج ملک میں پائی جانیوالی فسطائیت، لاقانونیت، خرابیوں اور دیگر خرافات کے آگے جھکی نہیں کوئی سمجھوتہ نہیں کیااورقانون کی بالا دستی کو مقدم رکھاہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام عالم میں خصوصی طور پرامت مسلمہ کا لیڈر بن کے ابھرا ہے،پاکستان اور ترکی موجودہ وقت میں عالم اسلام کولیڈکررہےہیں۔
پیرصمصام شاہ بخاری نے کہا کہ کورونا کی پہلی لہرکے دوران جب عوام نےاپنے پیاروں کو تنہا چھوڑ دیا، فرنٹ لائن پر چلتے ہوئے 1122کا کردارناقابل فراموش رہا،جب سے ریسکیو1122معرض وجود میں آیاہے دن بدن اسکی کارگردگی بلندیوں کی طرف گامزن ہے،موجودہ حکومت کا علاج معالجے کیلئے شہریوں کو 10لاکھ روپے تک صحت کارڈ کے ذریعے سہولت دینا بہت بڑا کارنامہ ہے۔انہوں نے کہا کہ تحصیل رینالہ خورد کو فراہم کی گی گاڑیاں منی ہسپتال کا درجہ رکھتی ہے جس میں جدید سہولیات میسر ہیں۔
اس سے قبل ڈسڑکٹ انچارج1122 اوکاڑہ ظفر اقبال نے کہاکہ جب سے اوکاڑہ میں 1122کی سروس شروع ہوئی ہے، مریضوں سمیت دولاکھ افرادکو ریسکیوکرچکے ہیں اس دوران ہمارے ریسکیورز کی ایک بھی شکایت نہیں آئی ہے یہ ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے جب کورونا کی پہلی لہرائی تواس دوران کورونا وائرس کاشکارہونے والے افراد کو انکے پیاروں نے بھی تنہاچھوڑدیا لیکن ہمارے ریسکیورزفرنٹ لائن پرچلتے ہوئے مریضوں کوہسپتالوں میں پہنچانے کےساتھ ساتھ جانبحق ہونے والوں کی تدفین کرتے رہے ہیں۔