ٹوبہ ٹیک سنگھ، 08 فروری(اے پی پی):چیئرمین قائمہ کمیٹی قانون وانصاف ریاض فتیانہ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں جاری ترقیاتی سکیموں بارے بریفنگ دی گئی۔
چیئرمین قائمہ کمیٹی ریاض فتیانہ نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کے اجرا،اپ گریڈیشن اورتعمیر و بحالی کیلئے خطیر فنڈز مختص کئے جاچکے ہیں۔ ضلع بھر میں صاف پانی کی فراہمی ، سیوریج، روڈز، ہائر ایجوکیشن ، سکول ایجوکیشن سمیت تمام جاری ترقیاتی سکیموں پر کام تیز رفتاری سے جاری ہے، ترقیاتی سکیموں کے ٹینڈرز کا کام جلد سے جلد مکمل کیا جائے اور کہا کہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شروع ہونیوالے ڈویلپمنٹ کے عمل سے یہ علاقہ تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
ریاض فتیانہ نے کہا کہ حکومت عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنے اور انہیں بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا کرنے کے مشن پر گامزن ہے۔ترقیاتی سکیموں کیلئے جاری ہونیوالے فنڈز کا درست استعمال یقینی بنائیں تاکہ عوام حکومت کی ڈویلپمنٹ پالیسی سے پوری طرح مستفید ہو سکیں۔
صوبائی وزیر آشفہ ریاض فتیانہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر ترقیاتی سکیموں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے جن کی تکمیل سے شہریوں کو ہر شعبہ میں بہترین سہولیات میسر آئیں گی اور کہا کہ تعمیراتی مراحل میں کوالٹی کو سو فیصد یقینی بنایا جائے۔
پارلیمانی سیکرٹری چوہدری سعید احمد سعیدی نے کہا کہ حکومت پنجاب ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کیلئے ہر ممکن وسائل مہیا کررہی ہے،تمام ترقیاتی سکیموں کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔
اجلاس میں صوبائی وزیر آشفہ ریاض، پارلیمانی سیکرٹری چوہدری سعید احمد سعیدی،اے ڈی سی آر محمد نبیل ریاض سندھو ڈی پی او عطا الرحمان، ضلعی رہنما پی ٹی آئی وحید اختر،اے ڈی سی جی محمد ابوبکر، اسسٹنٹ کمشنرز، اے ڈی سی فنانس،ڈی ڈی ڈویلپمنٹ، ایکسین ہائی وے ،ایکسین بلڈنگ، سی ای او ایجوکیشن سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔