پاک آسٹریلیا ٹیسٹ کی تیاریاں مکمل،سی پی او عمر سعید ملک کا علی الصبح کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ

26

راولپنڈی، 04 مارچ(اے پی پی):پاک آسٹریلیا ٹیسٹ کی تیاریاں مکمل،سی پی او عمر سعید ملک نے علی الصبح کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا اور کرکٹ سٹیڈیم اور گردونواح میں ڈیوٹی پر مامور افسران و اہلکاروں کو چیک کیا۔ سی پی او  کو ایس ایس پی انویسٹی گیشن، ایس ایس پی آپریشنز اور سینئر افسران نے سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔

سی پی او نے پوائنٹ ٹو پوائنٹ ڈیوٹی کو خود چیک کیا اور افسران کو ہدایات  بھی دیں اور  انہوں نے  کرکٹ ٹیمز کو اپنی نگرانی میں سٹیڈیم پہنچایا۔

 سی پی او عمر سعید ملک نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ ایونٹ کا انعقاد خوش آئند ہے، سیکیورٹی انتظامات کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

کرکٹ ٹیمز، آفیشلز، شائقین کرکٹ اور سٹیڈیم کی فول پروف سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں،راولپنڈی پولیس کے 4500 سے زائد افسران و اہلکار سیکیورٹی و ٹریفک فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔