اوکاڑہ؛جشن بہاراں کی اختتامی تقریب کا میر چاکراعظم رندبلوچ کے مزار پر انعقاد،حمد و نعت اور صوفیانہ کلام پیش کیا گیا

75

اوکاڑہ،04مارچ (اے پی پی):جشن بہاراں کی اختتامی تقریب صوفی نائٹ کے طور پر منعقد ہوئی،میر چاکر اعظم رند بلوچ کے مزار پر ہونے والی صوفیانہ محفل میں حمد و نعت اور صوفیانہ کلام پیش کیا گیا اس موقع پر استاد مبارک علی خان نے قوالی پیش کی۔تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری طاہر امین جبکہ مہمان اعزاز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حسنین خالد سنپال تھے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حسنین خالد سنپال نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب میں جشن بہاراں کی تقریبات کلچرل شو، ثقافتی پروگراموں کے انعقاد کے لئے جو ہدایات جاری کیں تھیں ان کی روشنی میں ضلع بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں سرکاری محکموں کے ساتھ ساتھ غیر سرکاری تنظیموں اور لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ثقافتی اقدار کو پوری دنیا کے سامنے پیش کرنے اور خصوصاََ یہاں کے فنکاروں نے صوفیاکرام کے کلام کو جس انداز میں پیش کیا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے قوالی کی یہ محفل جہاں مقامی لوگوں کے لئے ایک تفریح کا ذریعہ بنی ہے وہیں پر صوفیانہ شاعری اور اس شاعری کے ذریعے صوفیا نے اللہ کی وحد انیت، اسلام کی ابدی سچائیوں، اورنبی کریم ﷺ کی رحمت کے پیغام کو بھی عام کیا ہے۔

 بعدا زاں محفل کے اختتام پر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کی گئی اس موقع پر شرکاء محفل میں تبرک بھی پیش کیا گیا قبل ازیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حسنین خالد سنپال نے میرچاکر اعظم رند بلوچ کے مزار پر حاضری اور فاتحہ خوانی کی ۔