اوکاڑہ یونیورسٹی میں دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد، سپین کی یونیورسٹی کے ساتھ مفاہمت کی یاداشت پہ دستخط، جینوم ایڈیٹنگ سنٹر کا افتتاح کر دیا گیا

74

رینالہ خورد،22مارچ(اےپی پی):اوکاڑہ یونیورسٹی کی فیکلٹی آف لائف سائنسز نے   “بائیولوجیکل سائنسز میں نئے رجحانات” کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں سپین کی ایک یونیورسٹی کے ساتھ تحقیق  اور طلباء کے تبادلے کے حوالے سے مفاہمت کی ایک یاداشت پہ دستخط کیے گئے اور یونیورسٹی میں نئے قائم ہونے والے جینوم ایڈیٹنگ سنٹر کا افتتاح کیا گیا، مفاہمت کی اس یاداشت میں اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے دستخط کیے جبکہ سنٹر کا افتتاح کانفرنس کی مہمان خصوصی پرفیسر ڈاکٹر بشری مرزا، وائس چانسلر لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی ،   پرفیسر زکریا اور فیکلٹی آف لائف سائنسز کے چئیرمین، پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد، کے ہمراہ کیا۔

کانفرنس کے شرکاء کے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر زکریا نے کہا کہ یہ اوکاڑہ یونیورسٹی کےلیے ایک بہت بڑا دن ہے کیونکہ آج قومی اور بین الاقوامی سائنس دان، محققین اور اساتذہ ایک فورم پہ جمع ہوئے ہیں اور سائنسی علوم کے ذریعے بنی نو ع انسان کو لاحق مختلف خطرات اور مسائل پہ منطقی مباحث کر رہے ہیں پروفیسر زکریا نے جینوم ایڈیٹنگ سنٹر کےلیے بیس ملین کے فنڈ کا بھی اعلان کیا۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ جامعات کا مقصد علم کی ترویج اور فروغ   کےلیے کام کرنا ہے اور میں فیکلٹی آف لائف سائنسز کو مبارک باد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے یہاں پہ پوری دنیا سے اسکالرز کو جمع کیا ہے جس سے طلباء کی تحقیقی اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو نکھرنے کا مزید موقع ملے گا۔

پروفیسر بشری مرزا نے تمام سائنسی علوم کو فروغ دینے پہ پروفیسر زکریا  کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اس طرح  کی کانفرنسز کے انعقاد سے بین الاقوامی تعلیمی و تحقیقی کمیونٹی کو ایک جگہ بیٹھ کر باہمی اشتراک سے انسانی زندگی کے مسائل  کا سائنسی حل تلاش کرنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے  بتایا کہ ہمیں طلباء میں تحقیقی صلاحیتیں پیدا کرنےپہ اپنے وسائل  اور وقت کو صرف کرنا چاہیے کیونکہ اسی سے ہی معاشرے کی فلاح اور ترقی ممکن ہو سکتی ہے۔

پروفیسر واجد نے اپنے فیکلٹی اور طلباء کی جانب سے سائنسی تحقیق کے میدان میں کی جانے مختلف سرگرمیوں کو وضاحت کی  اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ طلباء کی اس انداز سے پیشہ وارانہ تربیت کریں گے کہ وہ معاشرے کی بہتری کےلیے کار گر ثابت ہو سکیں۔

کانفرنس کے بین الاقوامی مقررین میں پروفیسر ڈاکٹر جارج لوزانو جسٹ، ڈاکٹر ہونگ گو کم اور پروفیسر ڈاکٹر نورین عزیز قریشی شامل تھے۔