حافظ آباد، 12 مارچ (اے پی پی ): وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اپوزیشن سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی،یہ ملک میں تصادم چاہتے ہیں، عمران خان نے خود مختار اور آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی ہے ۔
ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ مافیا نے پاکستان کا ہر ایک ادارہ کھوکھلا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے بیرون ملک اربوں روپے کی پراپرٹیاں بنائیں۔نواز شریف، شہباز شریف اور آصف علی زرداری اپنی غیر قانونی دولت کو محفوظ کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔
فرخ حبیب نے کہا کہ نے کہا کہ ماضی کا حکمران طبقہ قومی مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دیتا رہا ہے اور ہر شخص جانتا ہے کہ میمو گیٹس سکینڈل میں آصف علی زرداری نے کس ملک سے مدد طلب کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہو گی، حزب اختلاف ملک میں افراتفری پھیلانا چاہتی ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان تیزی سےترقی کی شاہراہ پر گامزن تھا لیکن اپوزیشن کو ملک کی یہ ترقی ہضم نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی ملک میں بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان قومی دولت چرا کر جائیدادیں بنانے کےلئے اقتدار میں نہیں آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان میں 400 ڈرون حملے کئے گئے تاہم وزیراعظم عمران خان نے قوم کو کسی کے سامنے جھکنے کی اجازت نہیں دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہشمند ہیں لیکن قومی وقار پر سودا نہیں کریں گے۔
سورس:وی این ایس،ا سلام آباد











