بااختیار خواتین ہی ملک میں سماجی، اقتصادی شعبوں کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، اسد قیصر

36

اسلام آباد۔7مارچ  (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ بااختیار خواتین ہی ملک میں سماجی، اقتصادی شعبوں کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، یکساں تعلیم، صحت اور معاشی مواقع خواتین کو مردوں کے برابر لانے کے لیے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کی اس تقریب کا انعقاد قومی اسمبلی کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ان خیالات کا انہوں نے پیر کو یہاں  ایس ڈی جی سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام ایس ڈی جی -5 منانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ آج ہم صنعت، سول سوسائٹی، ٹیک اسٹارٹ اپس، یونیسیف، سی پی اے، برٹش ہائی کمیشن اور بہت سے دوسرے دوستوں کے  ساتھ   ایس ڈی جی -5پر ایک سال کا پروگرام شروع کر رہے ہیں۔  کنوینئر  ایس ڈی جی  سیکرٹریٹ ممبر قومی اسمبلی ریاض فتیانہ نے کہا کہ ہم آج یہاں خواتین کا عالمی دن منانے کے لیے جمع ہوئے جس کا مقصد اس ملک کی خواتین کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک باوقار پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے تاکہ نظریات، اختیارت اور صنفی مساوات کے حصول کے لیے بامعنی سرگرمیوں کو جاری رکھا جا سکے۔   اس موقع پر یونیسیف کے سوشل پالیسی کے چیف لوئس گورجن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد خواتین کے لیے ایک محفوظ ملک بنانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی کے خلا کو پر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یونیسیف کی جانب سے پارلیمنٹ کے ساتھ اپنے ہر تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔  تقریب میں برطانیہ سے کامن ویلتھ پارلیمانی ایسوسی ایشن کے وزٹنگ چیئر ایان لڈل گرینجر، ہاؤس آف کامنز اور کامن ویلتھ پارلیمانی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل، سابق وزیر تعلیم سٹیفن ٹوِگ نے بھی شرکت کی۔انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام شرکاء کے تاثرات کو سراہا۔ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ نے صنعتی رہنماؤں، سٹارٹ اپس، سماجی کاروباریوں، اور کارکنوں کی حمایت حاصل کی ہے تاکہ ملکر کام کرنے اختیارات کی منصوبہ بندی کرنے اور زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کے لیے رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ڈیجیٹل اور مالیاتی صنفی تقسیم کو ختم کرنے میں مدد ملے۔ حقیقی اور عالمگیر صنفی مساوات کی طرف پیش رفت کو تیز کرنے کے لیے۔ عالمی سطح پر ٹرینڈنگ ہیش ٹیگ #BreaktheBias پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے، ایس ڈی جیز  سیکرٹریٹ نے عورت کو ایک ماں کے طور پر سمیٹنے والے دلچسپ ایونٹ میں  آرٹیویزم “Artivism” کو بھی شامل کیا ہے۔  تقریب میں چیئرپرسن کامن ویلتھ، ممبران قومی اسمبلی شندانہ گلزار خان، مہناز اکبر عزیز، نفیسہ خٹک، محترمہ ثنا جمالی، شاہین ناز سیف اللہ، عائشہ غوث پاشا، ظل ہما، نورین فاروق ابراھیم، محترمہ سیمی ایزدی اور سینیٹر فیصل جاوید خان نے شرکت کی۔  اس موقع پر ایس ڈی جی -5،کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے  ایس ڈی جیز  سیکرٹریٹ کے ساتھ سال بھر کے لیے سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔  تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر برائے فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ فخر امام نے کامیاب تقریب کے انعقاد پر  ایس ڈی جیز  سیکرٹریٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تمام شراکت داروں بالخصوص یونیسیف کا شکریہ ادا کیا  جنہوں  نے اس تقریب کو کامیاب بنانے میں تعاون کیا۔