سیالکوٹ،12مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی،ترقی و جنرل سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف اسدعمر نے کہا ہے کہ یہ ملک ہمارے آباو اجداد نے بڑی قربانیاں دے کر بنایاہے، ہمارے آباو اجداد چاہتے تھے کہ برصغیر کے مسلمان آزادی سے زندگی گزاریں، بد قسمتی سے ہمارے ملک میں ضمیر فروش سابق حکمرانوں نے بیرونی قوتوں کے آگے سر جھکا کر ان کی غلامی کی،یہ غیر ملکی حکمرانوں کے آگے پرچیاں لکھ کر جاتے تھے اور پرچی پڑھتے ہوئے میاں صاحب کی” کانپیں ٹانگ” جاتی تھیں۔
ہفتہ کو یہاں عظیم الشان ورکرزکنونشن سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کسی سے خوف نہیں کھاتا۔کپتان کہتا ہے کہ ہم غلامی کی زندگی نہیں گزاریں گے۔ آزادی کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان قومی یکجہتی کی علامت ہے۔ تمام ادارے مل کر بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کر رہے ہیں ،وزیراعظم عمران خان سارے اداروں کو ساتھ لیکر چل رہا ہے۔ کپتان کے ساتھ سارا پاکستان کھڑا ہے۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد اسلامی ملک ہے جو دنیا کی آنکھوں میں کھٹکتاہے، پاکستان کو بہت سے چیلنجز درپیش ہیں،پوری قوم اور ریاست کے تمام ادارےمتحد ہوکر بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کریں گے، وزیراعظم عمران خان واحد لیڈر ہے جس کی آواز پر ملک کے کونے کونے سے عوام نکل آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان قومی یکجہتی کی علامت ہے،وزیراعظم عمران خان کہتا ہے کہ پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہوں، کپتان نے نا ایک قدم پیچھے ہٹنا ہے نا سر جھکانا ہے بلکہ کپتان نے سر اٹھا کر مقابلہ کرنا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی آزادی کو 75 سال مکمل ہونے والے ہیں،نواز شریف مغرب میں جاکر کہتا تھا کہ میری فوج میرے تابع نہیں۔انہوں نے کہا کہ پلوامہ کو بہانہ بنا کر جب بھارت نے حملہ کیا تو وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اگر حملہ کرو گے تو ہم سوچیں گے نہیں بلکہ بھرپور جواب دیں گے۔انہوں نے کہا کہ کپتان کی آپ سے اگلی ملاقات ڈی چوک اسلام آباد میں ہو گی۔
وفاقی وزیر تعلیم و صوبائی صدر پی ٹی آئی شفقت محمود نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ میں بلدیاتی انتجابات کی مہم شروع کر دی ہے، سارے چور اکٹھے ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی تین وجوہات ہیں چوروں کی سزا کا وقت آگیا ہے۔ چور جانتے ہیں کہ اگر حکومت رہ گئی تو ہمیں سزا سے کوئی نہیں بچا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم کسی کے غلام نہیں بنیں گے۔ سارے چور بیرونی طاقتوں کے حق میں بیانات دے رہے ہیں۔ یہ لوگ بیرونی طاقتوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کواسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔ اسلامی فلاحی ریاست میں صحت کارڈ اور دیگر سہولتیں میسر ہوں گی۔
ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ سیالکوٹ میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے اسد عمر کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔چوروں اور ڈاکووں کا ٹولہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف باہر نکل آیا ہے۔ اس ٹولے کو شکست کا سامنا ہوگا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں،وزیر اعلیٰ پنجاب کے اسپیشل کوآرڈینیٹر سعید احمد بھلی،معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب احسن سلیم بریار،صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن چوہدری محمداخلاق ، سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، بریگیڈئیر ریٹائرڈ اسلم گھمن ،علی اسجد ملہی،عمر ڈار،چوہدری حسن سرفراز چیمہ ،میاں اعجاز جاویدسمیت پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔
سورس:وی این ایس، سیالکوٹ











