ملتان،12مارچ (اے پی پی):وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بلے کے نشان پر منتخب ہونے والے اراکین اخلاقی اور قانونی طور پر عمران خان کو ووٹ دینے کے پابند ہیں۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے ہفتہ کو یہاں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا کہ مجھے تحریک انصاف میں ترین اور علیم خان گروپ کہیں دکھائی نہیں دیتا۔جو رکن 2018ءمیں بلے کے انتخابی نشان پر منتخب ہوا وہ آئینی،قانونی،سیاسی اوراخلاقی طور پر پابند ہے کہ وہ پارٹی قیادت کے فیصلے کے مطابق چلے اورقانون سازی ودیگر معاملات میں بھی پارٹی کے فیصلوں کی پابندی کریں۔اگر کوئی رکن ایسا نہیں کرتا تو اسے اخلاقی طور پراستعفیٰ دیناچاہئے۔
ق لیگ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہمیں یقین ہے ق لیگ تحریک انصاف کے ساتھ چلے گی۔تحریک عدم اعتماد کی ووٹنگ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہو ں نے کہا کہ قومی اسمبلی اجلاس بلانا سپیکرکااستحقاق ہے۔تاہم میری خواہش ہے کہ اسمبلی کا اجلاس 22،23 مارچ کے بعد بلایا جائے۔کیونکہ تئیس مارچ کو پاکستان میں امت مسلمہ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہونےجارہا ہے۔اس اجلاس میں شرکت کیلئے چھیالیس ممالک کے وزراءخارجہ نے اپنی آمد کی کنفرمیشن دے دی ہے۔باقی بھی کنفرمیشن موصول ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس خاصی اہمیت کا حامل ہے۔اس اجلاس میں پاکستان کی ایک نئی تاریخ رقم ہو نے جا رہی ہے۔اس اجلاس میں مسلم امہ کو درپیش مسائل اوران کے حل پر بات چیت ہوگی۔ مجھے امید ہے اپوزیشن ملکی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے اس اہم اجلاس کے انعقاد میں رخنہ نہیں ڈالیں گے۔میں اپوزیشن قائدین سے التماس کرونگا کہ وہ قومی مفاد کو مقدم رکھیں۔
سورس:وی این ایس، اسلام آباد











