اسلام آباد،3مارچ (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کوئی پاکستان کی بری، بحری اور فضائی حدود کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کر سکتا، بھارت نے پاکستان کے گہرے پانیوں میں پانچویں مرتبہ مداخلت کرنے کی کوشش کی ہے، بھارت کو آخری وارننگ دے دی ہے۔
جمعرات کو اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے گہرے پانیوں میں پانچویں دفعہ مداخلت کرنے کی کوشش کی ہے، ایک سال پہلے بھی ہم نے ان کی سب میرین کو پکڑا تھا لیکن مارا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک پر امن ملک ہیں ،ہم نے اسے مارا نہیں وارننگ دی تاکہ وہ واپس چلی جائے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ کل بھی ہم نے ان کو متنبہ کیا کہ “اینف ازاینف “، ہم نے کل بھارت کو آخری بار وارننگ دی ہے، اب ہمارے پانیوں میں آئے تو ہم سے گلہ نہ کرنا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری عظیم فوج ہے اور پاکستان بحریہ کا عظیم جذبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی پاکستان کی بری، بحری، اور فضائی حدود کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، ہم عظیم فوج کا عظیم ملک ، پاکستان ہیں۔