بیلجیم ،23 مارچ(اے پی پی ): بیلجیئم ، لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے بیلجیم اور لکسمبرگ میں بسنےوالے تمام پاکستانی بھائیوں، بہنوں اور ان کے اہلخانہ کو تہہ دل سے یومِ پاکستان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا وہ سنہرا دن ہے جب برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں نے غلامی کی زنجیروں سے چھٹکارا حاصل کرکے ایک آزاد اور خود مختار مسلم ریاست کے قیام کا فیصلہ کیا تھا۔
23 مارچ کے موقع پراپنے ویڈیو پیغام میں سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے کہا کہ اس برس ہم اپنی آزادی کی 75 ویں سالگرہ منائیں گے، جو اس امر کی غمازی کرتا ہے کہ قوم تمام مشکلات پر اجتماعی کوششوں اور استقامت سے قابو پاتے ہوئے اپنے وطن عزیز کی آزادی اور خودمختاری کا تحفظ کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے افکار اور بابا ئے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے فرمودات کی طرف رجوع کرنے کی ترغیب دیتا ہے تا کہ ہم ان مقاصد کا حصول ممکن بنائیں جو قیامِ پاکستان کے وقت بحیثیت قوم ہمارا نصب العین تھے اور جن کے حصول کے لئے ہمارے آبا و اجداد نے اپنا سب کچھ قربان کیا۔
سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے کہا کہ بحیثیت قوم ، ہم جمہوریت، انصاف، امن، قانون کی بالادستی، سماجی اور طبقاتی امتیاز پرستی کے خاتمے، اقوام عالم سے اچھے تعلقات کا فروغ اور تمام شہریوں کے انساتی حقوق کے تحفظ کے لئے پُر عزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے مزید محنت درکار ہے اور اس حوالے سے ملک میں بسنے والے پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ سمندر پار پاکستانیوں کا کردار انتہائی اہم ہے،اس ضمن میں حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی مشکلات کو دور کرنے کے لئے مختلف اقدامات بھی کئے ہیں جبکہ سمندر پار پاکستانی بھی اپنے وطن کی محبت کے جذبے سے سرشار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ آپ ملک و قوم کی ترقی کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔
سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے کہا کہ میں آپ کو انتہائی فخر سے آگاہ کرنا چاہتا ہوں کہ آرگنائزیشن آف اسلامی کانفرنس(او آئی سی ) کا 48 واں اجلاس پاکستان میں منعقد ہوا جس میں اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے امت مسلمہ کو درپیش انتہائی اہم مسائل بشمول مسئلہ کشمیر، فلسطین اور افغانستان سمیت دیگر امور پر اجتماعی لائحہ عمل طے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اجلاس کی اہمیت کی ایک اور وجہ یہ بھی ہے کہ تاریخ میں پہلی بار چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے او آئی سی کےاجلاس میں شرکت کی، جو چین کے مسلم امہ سے تعلقات میں وسعت کے حوالے سے انتہائی اہم قدم ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے لئے ایک انتہائی اہم سفارتی کامیابی ہے۔
ظہیر اے جنجوعہ نے کہا کہ میں یومِ پاکستان کے اس پر مسرت موقع پر اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد کرنا چاہتا ہوں جو گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی غیر قانونی تسلط میں اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام سے بھر پور اظہار یکجہتی کرتے ہیں جو بھارت کے ریاستی ظلم و جبر کا دلیری سے مقابلہ کر رہے ہیں ،آج کے دن ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی بھر پور اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے کہا کہ میں اللہ تعالی کا مشکور ہوں کہ اس نے ہم سب کو ایک ساتھ یومِ پاکستان شایان شان طریقے سے منانے کا موقع عطا فرمایا ۔ میری دعا ہے کہ یومِ پاکستان آپ سب کے لئے صحت و سلامتی کا پیغام لائے، میری یہ بھی دعا ہے کہ یوم پاکستان وطن عزیز کے لئے امن سلامتی ترقی اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے ہیں۔
سورس:وی این ایس،اسلام آباد