اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے جمعہ کو چوہدری برادران سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ علیم خان اور جہانگیر ترین کو پی ٹی آئی کا حصّہ تصور کرتے ہیں۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ علیم خان کے ترجمان نے لندن میں نواز شریف سے ملاقات کی تردید کر دی ہے۔ علیم خان اور جہانگیر ترین کو ہم پی ٹی آئی کا حصہ تصور کرتے ہیں اور جو بھی فیصلہ ہو گا پی ٹی آئی کے حق میں ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ فوج اور حکومت الگ نہیں ہوتے۔ آئینی سکیم میں فوج حکومت اور ایگزیکٹو کا حصہ ہے اور اس پر کوئی دو رائے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جو سیاسی سرگرمی ہے وہ صرف عدم اعتماد کی وجہ سے نہیں بلکہ 2023ءکے عام انتخابات اور اس سے قبل بلدیاتی انتخابات کی وجہ سے ہے۔











